تھائی لینڈ میں ایک چائلڈ کیئر سنٹر پر اندھا دھند فائرنگ کا اندوہناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق گولی باری کی وجہ سے چائلڈ کیئر سنٹر اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں ہر طرف چیخ و پکار کا عالم پیدا ہو گیا۔ خبر رساں اداروں کے ذریعہ بتایا گیا ہے کہ تھائی لینڈ کے شمال مشرقی علاقہ میں ہوئی اس اندھا دھند فائرنگ میں اب تک 34 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ نیوز ایجنسی رائٹر نے پولیس کے حوالے سے یہ بھی بتایا ہے کہ کئی افراد اس واقعہ میں زخمی بھی ہوئے ہیں۔
#UPDATE | Thailand mass shooting: A former policeman killed 34 people in a mass shooting at a children's day-care centre in Thailand. The gunman later shot & killed himself. Victims included 22 children as well as adults, Reuters reported citing police https://t.co/NkVonQuAQy
— ANI (@ANI) October 6, 2022
بچوں کے ڈے کیئر سنٹر پر ہوئی اس گولی باری میں بڑی تعداد میں بچوں کی ہلاکت کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 34 مہلوکین میں کم از کم 22 بچے شامل ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ فائرنگ کرنے والے شخص نے اپنی بیوی اور بچے کو بھی گولی سے اڑا دیا، اور پھر بعد میں اس نے خود کو بھی گولی مار لی۔
ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزم پولیس لیفٹیننٹ تھا جس کا نام پانیا کھامراب ہے۔ اس کی عمر 34 سال ہے اور وہ قریب کے ہی پولیس اسٹیشن میں تعینات تھا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق کچھ وقت پہلے ہی اسے ملازمت سے نکالا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈے کیئر سنٹر میں اس شخص نے جب فائرنگ کی تو بچے سو رہے تھے۔ وہاں اندھا دھند فائرنگ کے بعد وہ گھر گیا، جہاں اس نے اپنی بیوی اور بچے کو گولی ماری۔ اس کے بعد اس نے خود کو بھی گولی مار لی۔