نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے اندھیری ایسٹ اسمبلی سیٹ کے ضمنی انتخابات میں شیوسینا کے انتخابی نشان تیر کمان کے استعمال پر مہاراشٹر کے سابق وزیراعلی اور شیو سینا کے صدر مسٹر ادھو ٹھاکرے کو نوٹس جاری کیا ہے۔ کمیشن نے مسٹر ٹھاکرے سے کہا ہے کہ وہ ہفتہ کی دوپہر دو بجے تک اس سلسلے میں جواب داخل کریں۔
ایکناتھ شندے گروپ نے الیکشن کمیشن سے اندھیری ایسٹ اسمبلی سیٹ کے ضمنی انتخاب میں تیر کمان کو انتخابی نشان کے طور پر استعمال کرنے کی مانگ کی ہے، جس کے لیے کمیشن نے جمعہ کو مسٹر ٹھاکرے کو نوٹس جاری کیا اور انہیں اس سلسلے میں اپنا موقف پیش کرنے کے لیے کہا ہے۔ اس حوالے سے ہفتہ کو دوپہر 2 بجے تک جواب داخل کرنے کو کہا گیا ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ کمیشن اس نشان کو فی الحال منجمد کر سکتا ہے۔
الیکشن کمیشن نے مہاراشٹر کی اندھیری مشرقی قانون ساز اسمبلی کے ضمنی انتخابات کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے لیے کاغذات نامزدگی کا عمل 7 اکتوبر سے شروع ہو گیا ہے جو 14 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ اس سیٹ کے لیے پولنگ 3 نومبر کو ہوگی۔
واضح رہے کہ ایکناتھ شندے گروپ اور مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے دونوں اپنے آپ کو حقیقی شیوسینک ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں اور پارٹی پر اپنا حق جتا رہے ہیں۔ اس حوالے سے سپریم کورٹ میں بھی سماعت جاری ہے۔ دریں اثنا، شندے گروپ نے جمعہ کو الیکشن کمیشن سے اندھیری ایسٹ اسمبلی سیٹ کے انتخابات میں شیوسینا کے نشان تیر اور کمان کا استعمال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

Leave a Reply