نئی دہلی: (پریس ریلیز) معروف تھنک ٹینک ادارہ انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز کی جانب سے آج آئی او ایس کے آڈیٹوریم میں جامعہ ہمدرد کے نومنتخب وائس چانسلر پروفیسر افشار عالم کو استقبالیہ دیا گیا ۔ استقبالیہ میں گلدستہ پیش کیاگیا ، شال اوڑھایاگیا اور ایک مومینٹو دیاگیا ۔ پروفیسر افشار عالم نے آئی اوایس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اس ادارہ سے میرا بہت گہرا اور قدیم رشتہ ہے ، طالب علمی کے زمانے سے میرا یہاں آنا جانا لگا ہوا ہے، پہلی مرتبہ 1989 میں یہاں میں نے قدم رکھاتھا اور اس کے بعد آئی او ایس کے مختلف سمینا ر ، پروگرام اور میٹنگز میں میری حاضری ہوتی رہی ہے ، آئی او ایس نے عالمی مسائل ، سماجی ایشوز ، اسلامی امور ،تاریخ ، سیاسی معاملات ہندوستانی مسلمان سمیت تقریباً سبھی موضوعات پر تاریخی اور ناقابل فراموش کارنامہ انجام دیا ہے ، ان سب کے علاوہ بین المذاہب ڈائیلاگ، ڈیٹا جمع کرنے اور مسلمانو ں سے متعلق اہم موضوعات پر مواد فراہم کرنے میں سب سے قابل ذکر کام کیاہے ۔ آئی او ایس نے اپنے 36 سال پورے کرلئے ہیں جو قابل ذکر اور غیر معمولی ہے ۔انہوں نے کہاکہ آئی او ایس کے اشتراک سے ساتھ جامعہ ہمدرد نے بھی کچھ منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کا فیصلہ کیاہے جس میں سے ایک پروجیکٹ کا معاہدبہت جلد طے ہونے والا ہے ۔
اس موقع پر آئی او ایس کے چیرمین ڈاکٹر محمد منظور عالم نے پروفیسر افشار عالم کو مبارکباد پیش کیا اور کہاکہ گذشتہ دنو بین المذاہب ڈائیلاگ پر ایک کامیاب کانفرنس پٹیالہ یونیورسیٹی پنجاب کے اشتراک سے منعقد ہوئی ہے ، ایسے کچھ اور کامیاب سمینار اگلے دنوں میں ہونے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت کی سب سے اہم ضرورت اسلام کے مثبت پیغام کو پہونچانا اور خاص طور پر اکرام انسانیت سے ہر ایک انسان کو واقف کرانا ہے ۔ اسلام ہر ایک انسان کو قابل احترام سمجھتا ہے ، سبھی مساوات ، آزادی اور انصاف کے یکساں طو ر پر حقدار ہیں ، اللہ تعالی نے حضرت موسی علیہ السلام کو بھی یہ حکم دیا تھاکہ فرعون کے ساتھ گفتگو کرتے وقت نرم ولب لہجہ اختیار کریں کیوں کہ شیریں زبان اور مثبت انداز گفتگو کے ذریعہ ہی اسلام کا پیغام ہم دوسروں تک پہونچاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آئی او ایس کی جانب سے ایسے تمام شعبوں میں بڑے پیمانے پر کتابچہ ، لیٹریچر کی اشاعت عمل میں آئی ہے ۔
استقبالیہ تقریب کی صدارت آئی او ایس کے جنرل سکریٹری پروفیسر زیڈ ایم خان نے کی ، انہوں نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پروفیسر افشار عالم نے کمپیوٹر سائنس کے میدان میں نمایاں کارنامہ انجام دیاہے ، وہ شروع سے جامعہ ہمدرد سے وابستہ تھے اس وجہ ان کی سبھی امور پر گہری نظر ہے اور یہ امید وابستہ ہے کہ ان کی کوششوں سے جامعہ ہمدرد اور ترقی کرے گا اور حکیم عبد الحمید مرحوم کے خواب کووہ شرمندہ تعبیر کریں گے ۔
قبل ازیں مولانا اطہر حسین ندوی کی تلاوت سے آغاز ہوا، پروفیسر اشتیاق عالم نے نظامت کا فریضہ انجام دیا جبکہ پروفیسر حسینہ حاشیہ اسسٹنٹ جنرل سکریٹری آئی او ایس نے تمام شرکاءاور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر انجینئر محمد سلیم نائب امیر جماعت اسلامی ہند ، پروفیسر اسحاق عالم جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی ، مولانا عبد الحمید نعمانی ، پروفیسر مشتاق احمد تجاروی ، سینئر صحافی جاوید احمد ، محمد توحید عالم ، محمد عالم، صفی احمد سمیت متعدد اہم اور سرکردہ افراد موجود تھے۔