مولانا بدر الدین اجمل نے مولانا سید محمود مدنی کو ’ Person of the year ‘ منتخب کئے جانے پر مبارکباد پیش کی

نئی دہلی: (پریس ریلیز) آل انڈیا یونائیٹیڈ ڈیمو کریٹک فرنٹ کے قومی صدر و رکن پارلیمنٹ نیز جمعیۃ علماء آسام کے صدر مولانا بدر الدین اجمل صاحب نے جمعیة علماء ہند کے قومی صدر و معروف قومی و ملی رہنما حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی کو اردن کی نامور ریسرچ تنظیم آر آئی ایس ایس سی کے ذریعہ ‘پرسن آف ائر’ منتخب کئے جانے پر قلبی مبارکباد پیش کی ہے۔ مولانا اجمل نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ مجھے خوشی ہے کہ مولانا محمود مدنی صاحب کی ہمہ جہت خدمات کو انٹر نیشنل سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اردن کی تنظیم آر آئی ایس ایس سی نے اپنی تازہ میگزین میں دنیا بھر سے مختلف شعبہ حیات میں کام کرنے والے 500 سب سے زیادہ با اثر مسلمانوں کی فہرست میں مولانا سید محمود مدنی کو ان کی عظیم خدمات کی وجہ سے اہم مقام دیا ہے، چنانچہ وہ نہ صرف ‘پرسن آف ائر’ قرار دیئے گئے ہیں بلکہ وہ اِس فہرست میں ہندوستان کے اعتبار سے با اثر شخصیات کی فہرست میں اول نمبر پر ہیں اور دنیا بھر سے منتخب بااثر شخصیات میں وہ پندرہویں مقام پر ہیں۔ مولانا اجمل صاحب نے کہا کہ مولانا محمود مدنی نے اپنے آپ کو قومی اور ملی خدمات کے لئے وقف کر رکھا ہے جو ملت کی بہتری اور ان کو پیش آنے والے مسائل کے حل کے لئے ہمیشہ مصروفِ عمل رہتے ہیں۔ وہ ایک دلیر ، بیباک اور انتہائی سلجھے ہوئے رہنما ہیں جنہیں اپنے والد اور دادا سے حق گوئی اور ملت کے لئے کام کرنے کا جذبہ وراثت میں ملا ہے۔ ان کی صدارت میں جمعیۃ علماء ہند مزید فعال ہوئی ہے اور اپنا دائرہ عمل کوبھی بڑھا یا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ مولانا اجمل نے مزید نے کہا ملک و ملت کو در پیش مصائب و پریشانی کو دور کرنے کے تعلق سے مولانا مدنی کی خدمات کا اعتراف لوگوں کو ہے ہی مگر ان کے ذریعہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے شدت کے ساتھ کام کرنے کی سراہنا ملکی اور بین اقوامی سطح پر ہورہی ہے۔ملک کے موجودہ زہر آلود فضا میں مولانا کی سر پرستی میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی بحالی اور امن و سلامتی کی بقا کے لئے ملک بھر میں مختلف مذاہب کے رہنماؤں کو اکٹھا کرکے بھائی چارگی کا پیغام عام کرنا انتہائی مؤثر ثابت ہو رہا ہے۔ اللہ سے دعاءہے کہ وہ مولانا محمود مدنی صاحب کو خیر و عافیت کے ساتھ رکھے اور ملک و ملت کے لئے ان کو مزید نافع بنائے۔ (آمین)۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com