پروفیسرظفرمحفوظ نعمانی کی کتاب ” موجودہ ہندوستان میں مساوات ، انصاف اور بھائی چارہ “ کا رسم اجراء

نئی دہلی: (پریس ریلیز) معروف تھنک ٹینک ادارہ انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز کی ایک اور اہم اشاعت ” موجودہ ہندوستان میں مساوات ، انصاف اور بھائی چارہ“ کا آج رسم اجراءعمل میں آیا ۔ اس کی کتاب کی تالیف علی گڑھ مسلم یونیورسیٹی میں شعبہ قانون کے استاذ پروفیسر محمد ظفر محفوظ نعمانی نے کی ہے ۔ رسم اجراءکی تقریب میں انہوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کتاب میں مساوات ، انصاف اور بھائی چارہ کا موجودہ حالات کے تناظر میں تفصیل سے جائزہ لیاگیاہے اور بتانے کی کوشش کی گئی ہے کہ آئین ہند کے مقدمہ میں واضح طور پر مساوات ، انصاف اور بھائی چارہ کا ذکر موجودہے لیکن موجودہ ہندوستان میں اس پر عمل نہیں کیا جارہاہے ، عملی طور پر سماج میں مساوات ، انصاف اور بھائی چارہ کا فقدان ہے ۔ ملک کی ترقی ، سلامتی اور عوام میں یکجہتی اور انصاف کے حصول کیلئے قانون پر عمل کرنا ضروری ہے اور یہ اسی وقت ممکن ہوگا جب موجودہ ہندوستان میں مساوات ، انصاف اور بھائی چارہ کو یقینی بنایا جائے گا ۔

جامعہ ملیہ اسلامیہ میں شعبہ قانون کے پروفیسر اقبال حسین کے ہاتھوں کتاب کا رسم اجراءعمل میں آیا ۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں کتاب کی اہمیت کا تذکرہ کیا اور بتایاکہ بھائی چارہ ، مساوات اور انصاف کسی بھی سماج اور معاشرہ کی بنیادی کلید ہے ، ہندوستان کے آئین میں اس کی وضاحت موجودہے لیکن عملی طور پر ایسا نہیں ہورہا ہے ۔

پروفیسر زیڈ ایم خان سکریٹری جنرل انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز نے صدارتی خطاب میں کہاکہ آئی او ایس کے متعدد منصوبوں میں مساوات اور انصاف کا موضوع سر فہرست رہاہے ، متعدد سمینار اور کانفرنس کا انعقاد کیاگیاہے ،کئی کتابیں بھی شائع ہوچکی ہے ، یہ کتاب بھی اس سلسلے کا ایک حصہ ہے جس کی تالیف پروفیسر ظفر محفوظ نعمانی نے کی ہے ۔ انہوں نے کتاب کی تعریف کی اور کہاکہ یہ بہت ہی اہم اور جامع کتاب ہے اور آئی او ایس ایسے منصوبوں پر مسلسل کام کررہا ہے ۔ نظامت کا فریضہ پروفیسر حسینہ حاشیہ نے انجام دیا اس موقع پر انہوں نے معروف ماہر اسلامی معاشیات پروفیسر نجات اللہ صدیقی کی وفات کا تذکرہ کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ قبل ازیں مولانا اطہر حسین ندوی کی تلاوت سے پروگرام کا آغاز ہوا ۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com