قرآن ساری انسانیت کے مسائل حل کرتا ہے: رضی الاسلام ندوی

رجوع الی القرآن مہم کے تحت سرکڑہ چکر اجمل میں مقابلہ حفظ و قرآت و رجوع الی القرآن کانفرنس کا انعقاد

 بجنور – دھام پور (پریس ریلیز) قرآن صرف مسلمانوں کی کتاب نہیں ہے بلکہ سارے انسانوں کے لیے اللہ کا پیغام ہے۔جو اس پر ایمان لائے اور عمل کرے یہ اسے دنیا اور آخرت میں سرخ رو کرتا ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر محمد رضی السلام ندوی سکریٹری جماعت اسلامی ہند نے اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔انھوں نے کہاکہ ساری دنیا آج جن پریشانیوں میں گھری ہوئی ہے اور خاص طور پر مسلمان جن آزمائشوں میں گرفتار ہیں ان کا ایک ہی حل ہے کہ ہم قرآن کی طرف پلٹیں۔یہ نسخہ کیمیا ہے۔واضح ہو کہ جماعت اسلامی ہند حلقہ اتر پردیش مغرب کی جانب سے 11نومبر تا 20 نومبر سے رجوع الی القرآن مہم چلائی جارہی ہے۔جس کے تحت آج سرکڑہ چکراجمل میں کئی پروگرام ہوئے۔سب سے پہلے حفظ و قرآت کا مقابلہ ہوا۔اس مقابلہ میں 38 حفاظ و قراء نے حصہ لیا۔حافظ محمد فرمان طالب علم دارالعلوم محمدیہ سرجن نگرکو پہلا مقام حاصل ہوا،دوسرا اور تیسرا مقام بالترتیب محمد ابوذر دارالعلوم قاسمیہ سیوہارا،محمد ثاقب دارالعلوم حسن پور نے حاصل کیا۔ان سب کو انعامات دیے گئے،جملہ شرکاء کو توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔مقابلہ قرآت میں قاری و مفتی عبدالقیوم جمیل نورپور،قاری سعید الرحمن تاج پور قاری و مفتی اقرار احمد صاحب مرادآباد نے ممتحن اور ججزکے فرائض انجام دیے،قاری محمد ذوالفقار ندوی نے مقابلہ کی نظامت کی۔ایک پروگرام طلبہ و نوجوانوں کا ہوا،ایک پروگرام خواتین کا ہوا دونوں میں بڑی تعداد میں شرکاء نے شرکت کی، آخری پروگرام رجوع الی القرآن کانفرنس کا ہوا۔جس میں پورے ضلع اور قرب وجوار سے علماء وحفاظ شریک ہوئے۔محفل قرآت میں عالمی شہرت یافتہ قراء نے تلاوت قرآن سے محفل کو منور کیا۔رجوع الی القرآن کانفرنس سے قاری آفتاب احمد صد شعبہ حفظ دارالعلوم دیوبند،مفتی وہاج الدین قاسمی ناظم المعھد الاسلامی نور پور،مولانا محمد شمیم قاسمی مہتم مدرسہ انوار العلوم مانیہ والا،مولانا عتیق احمد شفیق سکریٹری یو پی مغرب،مولانا شوکت علی مظاہری مہتم دارالعلوم افضل گڑھ نے خطاب کیا۔یاسین ذکی،جمیل قاسمی اور نوشاد عالم شاد نے نذرانہ عقیدت بحضور سرور کائنات صلی اللہ علیہ وسلم پیش کیا۔مولانا سراج الدین ندوی چیرمین ملت اکیڈمی نے پروگرام کی نگرانی و نظامت فرمائی۔مولانا محمد ذوالفقار ندوی نے جملہ شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com