ملی کونسل کا مقصد ملت کے ہر فرد میں احساس جواب دہی پیدا کرنا اور آداب مسلمانی سکھانا ہے: انیس الرحمن قاسمی

ملی کونسل بیرول بلاک کی تشکیل، مولانا عرفان سعیدی صدر اور ڈاکٹر نصر اللہ دانش تمنا جنرل سیکرٹری منتخب

دربھنگہ: (پریس ریلیز) آل انڈیا ملی کونسل بہار کا وفد آل انڈیا ملی کونسل کے قومی نائب صدر حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی کی قیادت میں سوپول بازارپہنچا،جہاں مولانا عرفان سعیدی،ڈاکٹر نصر اللہ دانش تمنا اور شہر کے عمائدین وسرآوردہ لوگوں نے وفد کا پرتپاک خیر مقدم کیا، مغرب کی نماز کے فوراً بعد اجلاس کا آغاز مولانا قاسم کی تلاوت قرآن سے ہوا، تلاوت قرآن پاک کے بعد ملی کونسل بہار کے آر گنائزر مولانا مرزا ذکی احمدبیگ نے آل انڈیا ملی کونسل کے قیام اور ملی کونسل کے خدمات کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ حضرت قاضی مجاہد الاسلام قاسمی ؒ نے مفکر اسلام حضرت مولانا سید ابو الحسن علی ندوی اور حضرت امیر شریعت مولانا سید نظام الدین اور دیگر اکابر کے مشورہ سے 1992ء میں ملی کونسل قائم فرمایا، ملی کونسل نے پورے ملک میں قانون کی حکمرانی کی تحریک چلا ئی حضرت قاضی صاحب نے کاروان آزادی نکال کرپورے ملک کے دورے کئے اور ہندوستان کی آزادی مسلمانوں کی قربانیوں سے عوام کو واقف کرایا، ملی کونسل کی ہی کوشش سے وزرات اقلیتی فلاح قائم ہوئی، مرزا صاحب نے ملی کونسل کی خدمات کا تفصیل سے تعارف کروایا، ان کے بعد علاقے کے ممتاز عالم دین حضرت مولانا حاجی نثار احمد قاسمی نے خطاب کیا انہوں نے ملی کونسل کے وفد کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی ملت اسلامیہ کے لیے ہروقت فکر مند رہتے ہیں اور ان کی ملی سماجی خدمات کا دائرہ بہت وسیع ہے، انہوں نے مزید کہا کہ آل انڈیا ملی کونسل کے بانی حضرت قاضی مجاہد الاسلام قاسمی اسی دربھنگہ سے تعلق رکھتے تھے، اللہ کاشکر ہے اب دربھنگہ میں یہ تنظیم متحرک اور فعال ہوگئی ہے، دربھنگہ میں ملی کونسل کا فعال ہونا ضروری ہے، ان شاء اللہ یہ پورا علاقہ حضرت قاضی صاحب کے خوابوں کی تکمیل کے لیے حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی کے ساتھ ان کے ہر منصوبہ کی تکمیل کے لیے کھڑا ہوگا،جب کہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آل انڈیا ملی کونسل کے قومی نائب صدر حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی نے فرمایا کہ ملی کونسل کے اس دورے کا مقصد مسلمانوں میں احساس ذمہ داری پیدا کرنا ہے کہ ملت کا ہر فرد امت کے کاموں کے لیے اپنے اندر جذبہ پیدا کیا جائے اور انہیں پورے طور آداب مسلمانی سکھا نا ہے، ملی کونسل ایسی نسل تیار کرنا چاہتی ہے جو عمل وکردار اور علم فکر کے اعتبار سے مسلمان اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے فداء ہوں، خواہ کچھ بھی ہو جائے دین سے سر مو انحراف گوارا نہ کریں، یہی ملی کونسل کی دعوت ہے اور یہی پیغام دینے ہم آپ کے پاس آئے ہیں، مولانا مزید فرمایا کہ تعلیم ترقی کی شاہِ کلید ہے، اس کے بغیر ترقی کا تصور بھی محال ہے، آل انڈیا ملی کونسل نے تعلیمی مشن 2050ء چلارہی ہے، کونسل کا عزم کہ آئندہ پچاس سالوں میں ملت کے آخری فرد تک علم کی روشنی یقینی طور پر پہنچ جائے آئندہ 30/سالوں تک یہ تحریک جاری رہے گی اور علم کو ہر گھر اور ہرفرد تک پہنچانے اور علم سے مسلح کرنے کی کونسل ہر ممکن کوشش کرے گی۔ اس موقع پر علاقے میں تعلیمی تحریک برپا کرنے اور ملی کونسل کے پیغام کو عام کرنے کے لیے ملی کونسل بیرول بلاک کی تشکیل عمل میں آئی اور اتفاق رائے سے علاقہ کے فعال عالم دین حضرت مولانا عرفان سعیدی قاسمی صدر اور جناب ڈاکٹر نصر اللہ دانش عرف تمنا بابو جنرل سیکرٹری منتخب کیے گئے، ان کے علاوہ حاجی نثار احمد، جناب نوح عالم صاحب سکریٹری، جناب حاجی عبدالصمد، اور مولانا ارشد ندوی، شیخ عبداللہ صلاح الدین وغیرہ رکن بنانے گئے، ان کے علاوہ جن اہم شخصیات نے شرکت کی ان میں جناب عبد الاحد، جناب ماسٹرمختارعالم،جناب ولی اللہ،جناب اعجازاحمد،جناب محمد عمران،جناب عبد الصمد،جناب محمد اشرف علی،جناب محمد فیروز،جناب شمس عالم،جناب عبد الماجد،جناب عرفان احمد،جناب محمد شکیل،جناب محمدافضل،جناب محمد ثاقب آفتاب،جناب حامد،حاجی عرفان قاسمی، جناب حاجی نثاراحمد،جناب ڈاکٹر تمنے،جناب حاجی نوح،جناب مفتی اسعدقاسمی وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com