شعبہ اردو کے پچاس سال مکمل ہونے پر یک روزہ تقریب کا مختصر تعارف

شعبہ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ پچیس نومبر دوہزار بائیس کو نصف صدی کا سفر مکمل کر رہا ہے۔پچاس سال قبل پچیس نومبر انیس سو بہتر کو شعبہ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کوباضابطہ طور پر منظوری ملی۔نصف صدی کی تکمیل کے اس موقع پر یک روزہ تقریب کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

پروفیسر نجمہ اختر، شیخ الجامعہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ افتتاحی تقریب کی صدارت کریں گی۔ اس موقع پر مہمانان خصوصی کی حیثیت سے جامعہ کے سابق وائس چانسلرجناب سید شاہد مہدی اور معروف اسکالرپروفیسر صدیق الرحمن قدوائی شریک ہوں گے۔ان کے علاوہ اس تقریب کے مہمانان اعزازی پروفیسر شیخ عقیل احمد (ڈائریکٹر قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان)،پروفیسر ناظم حسین الجعفری(رجسٹرار، جامعہ ملیہ اسلامیہ)اور پروفیسر محمد اسدالدین (ڈین، فیکلٹی برائے انسانی علوم و السنہ) ہوں گے۔

اس پروگرام میں معروف اسکالر پروفیسر شریف حسین قاسمی خصوصی مقرر کی حیثیت سے شریک ہوں گے۔اس موقع پر ایک مذاکرہ کا بھی اہتمام کیاجا رہا ہے جس میں شعبہ اردو کے سابق اساتذہ اپنے تاثرات پیش کریں گے۔

اس کے بعد ایک مشاعرے کا بھی اہتمام کیا جا رہاہے جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے پروفیسر نجمہ اختر شریک ہوں گی۔ اس موقعے پر شعبے کی طلبا تنظیم ”بزم جامعہ“ کے زیر اہتمام دو روزہ نمائش بعنوان ”شعبہ اردو: نصف صدی کی کہانی، تصویروں کی زبانی“، کا افتتاح ڈین فیکلٹی برائے انسانی علوم و السنہ پروفیسر محمد اسدالدین نے چوبیس نومبر کو کیا۔اس کے علاوہ ”بزم جامعہ“ کی جانب سے ڈاکیومنٹری فلم اور ترانہئ جامعہ بھی پیش کیا جائے گا۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ۔ اپنے علاقے کی خبریں ، گراﺅنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ،تعلیمی اورادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com