ملیشا کے نومنتخب وزیر اعظم ڈاکٹر انور ابراہیم کو آئی او ایس کے چیرمین ڈاکٹر منظور عالم نے پیش کی مبارکباد

نئی دہلی: (پریس ریلیز) ملیشیا کے نومنتخب وزیر اعظم ڈاکٹر انور ابراہیم کو ایک خط بھیج کر ہندوستان کے معروف تھنک ٹینک ادارہ انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز کے چیرمین ڈاکٹر محمد منظور عالم نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد پیش کیاہے ۔ڈاکٹر منظور عالم نے اپنے خط میں لکھا کہ جو منصب آپ کو ملا ہے اس کے آپ مکمل طور پر حقدار تھے، آپ اپنی صلاحیت اور قابلیت کی وجہ سے اس عہدہ کے مستحق تھے جو آپ کو ملا حالاں کہ آپ نے صبر کیا ، حوصلہ سے کام لیا جس کا نتیجہ ہے کہ آج آپ اس منصب تک پہونچنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور یہ امید کی جاتی ہے کہ ملک کا نظام چلاتے وقت اپنی ہمہ جہت فکر ، سیاسی شعور اور امت مسلمہ کے تئیں ہمدردی کا بھر پور فائدہ اٹھائیں گے ۔

ڈاکٹر محمد منظور عالم نے مزید کہاکہ آپ سے آپ کے ملک اور دنیا بھر کی اقوام اور مسلمانوں کو بہتری اور شاندار کار کردگی کی توقع ہے ، آپ نے ماضی میں بھی نائب وزیر اعظم اور وزیرخزانہ کے منصب پر رہتے ہوئے قابل تعریف خدمات انجام دی ہے ،اب آپ سے اور زیادہ توقعات وابستہ ہیں ۔میری دعاءہے کہ اللہ تعالی آپ کیلئے راستے آسا ن فرمادے ۔

 واضح رہے کہ ڈاکٹر انور ابراہیم ملیشاکے دسویں وزیر اعظم منتخب ہوگئے ہیں ۔ ملیشا کے بادشاہ عبداللہ نے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد جمعرات کو ایک اعلان میں یہ فیصلہ سنا دیا کہ اپوزیشن لیڈر انور ابراہیم ملک کے آئندہ وزیر اعظم ہوں گے۔75 سالہ انور ابراہیم نے جمعرات ہی کو وزارت عظمیٰ کا حلف بھی ا ±ٹھا لیااور نئے وزیر اعظم کے طور پر کام کرنا شروع کردیاہے ۔ ملیشا ساﺅتھ ایسٹ ایشا میں ایک مسلم اکثریتی ملک ہے جہاں 63 فیصد مسلمان ہیں ، 18 فیصد بڈھسٹ ہیں، 9 فیصد عیسائی اور 6 فیصد ہندو ہیں ۔

 انور ابراہیم کے سیاسی الائنس آف ہوپ (PH) نے گزشتہ ہفتے ہونے والے عام انتخابات میں پارلیمنٹ کی 222 میں سے 82 سیٹیں حاصل کی تھیں۔ جبکہ ملائیشیا میں وزیر اعظم بننے کے لیے پارلیمنٹ کی کم از کم 112 سیٹوں پر جیت ضروری ہے۔ اس الیکشن میں دوسرے نمبر پر ملیشیا کی ‘کوئلیشن نیشنل لائنس“ (PN) رہی۔ اس نے پارلیمنٹ کی 73 سیٹیں حاصل کرتے ہوئے حکومت سازی کے قابل اکثریت حاصل کرنے کی بھی کوشش کی۔ اس طرح کوئی بھی جماعت پارلیمنٹ میں مطلوبہ سیٹیں حاصل نہ کر سکی۔

کسی بھی پارٹی کو اکثریت نہ ملنے کی وجہ سے ملیشیا میں سیاسی پیچدگی بڑھنے لگی تھی۔ اس سیاسی کشمکش کو دور کرتے ہوئے بادشاہ سلطان عبداللہ احمد نے ملک کے سابق وزیر اعظم محی الدین یاسین اور انور ابراہیم دونوں سے ملاقات کی اور اس گفتگو کے بعد انہوں نے انور ابراہیم کے وزیر اعظم بننے کا اعلان کر دیا۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com