نئی دہلی: (ملت ٹائمز) اردو کے نامور صحافی اور روزنامہ ہمارا سماج کے ایڈیٹر عامر سلیم خان کا آج ایک بج کر چار منٹ پر انتقال ہوگیا ۔ چار دن قبل انہیں ہارٹ اٹیک ہواتھا جس کے بعد جی بی پنت ہسپتال میں ایڈمٹ کیا گیا تھا ۔11 دسمبر کی شام طبعیت کچھ بہتر ہوئی تھی لیکن 12 دسمبر کو دن کے دس بجے کے قریب دوربارہ ہارٹ اٹیک آیا جس کے بعد انہیں ایک مرتبہ پھر وینٹیلٹر پر رکھا گیااور تقریبا ایک بج ان کی روح پرواز کر گئی ۔
عامر سلیم خان اردو کے نامور اور سنجیدہ صحافی تھے، ایک لمبے عرصے سے اردو صحافت سے وابستہ رہے۔ وہ گزشتہ 13 برسوں سے روزنامہ ہمارا سماج سے جڑے ہوئے تھے اس سے پہلے وہ چیف رپورٹر کی حیثیت سے سر گرم تھے۔ مگر کچھ برسوں سے وہ ہمارا سماج کے ایڈیٹر کی ذمہ داری سنبھال رہے تھے۔ چند ماہ قبل انہوں نے ہمارا سماج کا یوٹیوب چینل بناکر ویڈیو پروگرام کا سلسلہ شروع کیا تھا ۔ اس سے قبل وہ ہندوستان ایکسپریس اور روزنامہ راشٹریہ سہارا اردو میں بھی رپورٹر کے فرائض انجام د ے چکے تھے۔ اردو صحافت میں ان کا شمار قابل احترام صحافیوں میں ہوتا تھا اور قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔
عامر سلیم خان بنیادی طور پر عالم دین تھے اور مشہور دینی درس گا ہ جامعہ سنابل دہلی سے انہوں نے فضیلت کیا تھا ۔ ان کا آبائی وطن اترپردیش کے ضلع بستی میں تھا لیکن طویل عرصہ سے دہلی کے منہدیان میں مقیم تھے ۔ مرحوم کے وارثین میں اہلیہ اور تین بیٹے ہیں ۔ بڑا بیٹا پندرہ سال کا ہے ۔ ایک ماہ قبل مرحوم عامر سلیم خان کے والد کا بھی انتقال ہوا تھا ۔
تجہیز وتکفین دہلی کے منہدیان قبرستان میں ہوگی ۔آج رات 8 بجے بعد نماز عشاء نمازِ جناز ہ ادا کی جائے گی ۔
عامر سلیم خان کے انتقال پر ملت ٹائمز کے چیف ایڈیٹر شمس تبریز قاسمی نے شدید رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اسے اردو صحافت کا بہت بڑا خسارہ قرار دیا اور کہاکہ وہ ملت مسائل پر گہری نظر رکھتے تھے اور ان مسائل پر خبریں لکھتے تھے جسے عموماً نظر انداز کردیا جاتا ہے ۔ حالیہ دنوں میں اردو کے وہ واحد صحافی تھے جو ملت اسلامیہ ہند کے مسائل پر بیباکی کے ساتھ اسٹوریز کررہے تھے ۔ ملی تنظیموں اور مسلم لیڈروں کے تعلق سے ہمیشہ مثبت رخ اختیار کرتے تھے ۔ ہمارا سماج میں اداریہ بھی اہم مسائل پر تحریر کرتے تھے ۔ ملت ٹائمز کے دفتر میں کئی مرتبہ وہ آچکے ہیں ۔ جب بھی جامعہ نگر میں آتے تھے وہ ملت ٹائمز کے دفتر ضرور آتے تھے ۔ کچھ ہی دنوں قبل ان سے فون پر بات ہوئی تھی ۔
ملت ٹائمز کیلئے بھی عامر سلیم خان کا انتقال بہت بڑا خسارہ اور ناقابل تلافی نقصان ہے ۔
اللہ تعالی ان کی قبر کو نور سے منور فرمائے اور اہل خانہ کو صبرجمیل عطا فرمائے۔