نئی دہلی: (پریس ریلیز) ملک کے ممتاز دانشور اور خسرو فاؤنڈیشن کے چیئرمین پدم شری پروفیسر اخترالواسع نے کہا کہ اردو کے نامور صحافی جناب عامر سلیم خاں کا انتقال ایک ناگہانی دردناک حادثے کی حیثیت رکھتا ہے۔ یوں تو موت برحق ہے لیکن صرف ۸۴سال کی عمر میں دو دہائی سے زیادہ کے صحافتی کیریئر والے عامر سلیم اپنی شخصیت کی دلآویزی طبیعت کے انکسار اور لوگوں کی مدد کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے والے ایک انسان کی حیثیت سے ان کی موت بلاشبہ ایک انتہائی ایک تکلیف دہ سانحہ ہے۔
پروفیسر اخترالواسع نے مزید کہا کہ اگرچہ وہ دل کے مریض تھے لیکن اب عارضہ قلب اتنا مہلک بھی نہیں رہا ہے کہ اتنی جلدی اور اتنی کم عمر میں کسی کا دیکھتے ہی دیکھتے انتقال ہو جائے۔ عامر سلیم کی یاد مجھ سمیت ان سب لوگوں کو دیر تک ستاتی رہے گی جن سے ان کا تعلق تھا۔ میں ان کے خاندان کے لوگوں، صحافی ساتھیوں، خاص طور سے خالد انور صاحب کو جذباتِ تعزیت پیش کرتا ہوں اور خدا سے دعا ہے کہ وہ مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ دے اور ان کے پسماندگان کو اس ناگہانی اور شدید صدمے کو برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین