ٹیم انڈیا سے ملی شکست کے بعد انگلینڈ کے کپتان ایلسٹر کک نے چھوڑی کپتانی

لندن(ملت ٹائمز)
انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ایلسٹر کک نے اپنا عہدہ چھوڑ دیا ہے، تقریبا چار سال تک ایلسٹر کک انگلینڈ کے کپتان رہے۔اگست 2012 میں ایلسٹر کک کو انگلینڈ کا کپتان منتخب کیا گیا تھا۔ کپتانی چھوڑنے کے بعد ایلسٹر کک نے کہا کہ یہ میرے لئے اعزاز کی بات تھی کہ میں نے اتنے سال تک انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کی۔ایلسٹر کک نے کہا کہ میرا ٹیسٹ کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ کافی مشکل تھا لیکن میں جانتا ہوں کہ یہ ایک اچھا فیصلہ ہے، خاص طور سے اس وقت ٹیم کیلئے یہ فیصلہ لینے کا صحیح وقت تھا۔ ایلسٹر کک نے ریکارڈ 59 ٹیسٹ میں انگلینڈ کی ٹیم کی قیادت کی۔ اس دوران انہوں نے 2013 اور 2015 میں انگلینڈ میں ہوئی ایشز سیریز میں شاندار فتح حاصل کی، تاہم حال ہی میں انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم ہندوستان کے دورے پر آئی تھی جہاں ٹیسٹ سیریز میں ہندوستانی ٹیم نے انگلینڈ کو 4-0 کراری شکست دی۔ اس شکست کے بعد ایلسٹر کک پر کپتانی چھوڑنے کا دباؤ بنا اور آخر کار انہوں نے کپتانی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
ایلسٹر کک نے کہا کہ یہ میرے لئے بہت المناک دن ہے لیکن میں ان سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے مجھے کپتان بنانے میں تعاون اور حمایت کی، تمام کوچ، عملے اور انگلینڈ کے حامیوں کے ساتھ ساتھ معاون عملے کا بھی میں شکرگزار ہوں جنہوں نے گھر میں ہی نہیں بلکہ باہر بھی ہمارا پورا تعاون کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انگلینڈ کے لیے کھیلنا واقعی بہت خاص ہوتا ہے اور میں چاہوں گا کہ ٹیم کے ساتھ ٹیسٹ کھلاڑی کے طور پر منسلک رہوں، میں انگلینڈ کے اگلے کپتان اور ٹیم کو ہر ممکن تعاون کروں گا۔ ایلسٹر کک کے استعفے کو انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ نے قبول کر لیا ہے۔ اسی کے ساتھ بورڈ اگلے کپتان کے انتخابات کو لے کر سرگرمی شروع کر دی ہے۔ ایلسٹر کک نے انگلینڈ کے پچھلے کپتان کے مقابلے زیادہ ٹیسٹ سنچری لگائی۔ٹیسٹ کرکٹر طور پر انہوں نے اب تک 140 ٹیسٹ کھیل کر 11057 رنز بنائے ہیں۔

SHARE