راجستھان کے جودھپور ضلع واقع شیرگڑھ علاقہ میں ہوئے سلنڈر دھماکوں میں مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 22 ہو گئی ہے۔ منگل کی صبح چار مزید لوگوں کی موت ہو گئی۔ مہلوکین میں دولہے کے والد بھی شامل ہیں۔ اس سے قبل پیر کی شب دولہے کی والدہ وفات پا گئی تھیں۔ مہلوکین میں بیشتر خواتین و بچے شامل ہیں۔ دراصل باڑمیر ضلع کے کھوکھسر باشندہ وجئے سنگھ کی سب سے چھوٹی بیٹی اوم کنور کی بارات جودھپور کے شیرگڑھ بھونگرا سے آنے والی تھی جہاں ایک دن پہلے ہی سلنڈر دھماکہ کے سبب دولہا سمیت تقریباً 60 لوگ جھلس گئے تھے۔ جیسے ہی خبر دلہن کے گھر تک پہنچی تو شادی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہو گئیں۔






