رکن قانون سازکونسل کی ستائش، دستاویزی شرائط پوری کرنے والوں کی فائنل فہرست کے جلد اجرا کا مطالبہ
پٹنہ- مظفرپور: قاری صہیب رکن قانون سازکونسل بہار نے اردو مترجم اورمعاون مترجم کے لیے کونسل میں جس طرح آواز اٹھائی، اس سے ان کا قد کافی بڑھ گیا ہے۔ قاری صہیب نے تمام مسلم اراکین اسمبلی اور اراکین قانون ساز کونسل کی طرف سے گویا فرض کفایہ ادا کیا ہے۔ ہم تمام امیدواران کے نہایت شکر گزار ہیں کہ انھوں نے پوری مضبوطی کے ساتھ قانون ساز کونسل میں اردومترجم اور معاون مترجم کے امیدواروں کے ساتھ ہورہی ناانصافی کے خلاف بلاخوف و تردد آواز اٹھائی۔ یہ مسئلہ ہزاروں خاندان سے جڑا ہے ۔ انھوں نے اس مسئلے کو معزز نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو کے سامنے بھی پیش کرنے کا وعدہ کیا ہے۔اس پران کی جتنی تعریف کی جائے، کم ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ وہ اسی طرح ایوان سے باہر اور ایوان کے اندرمسلم مسائل کو مضبوطی کے ساتھ اٹھائیں گے ۔ قاری صہیب کی توصیف کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار معاون اردو مترجم کے امیدواروں محمد اسفر، دل نواز، محمد ارشاد عالم، اکرم حسین ، عطیہ آفریں، انور عالم، اشرف امام ، نزہت فاطمہ اور صالحہ خاتون نے کیا۔
امیدواروں نے مزید کہا کہ اردو اخبارات کے مطابق، حکومت کے جواب سے رکن قانون ساز کونسل (جورولنگ پارٹی کے لیڈر ہیں) خود مطمئن نہیں ہیں۔اس سے اندازہ لگایا جانا دشوار نہیں ہے کہ سرکارکس طرح گھمارہی ہے پھر امیدوار کیسے مطمئن ہوسکتے ہیں جب تک عملی اقدام نہ ہو۔ انہوں نے اعتراف کیاہے کہ اردوکے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے۔ امیدواروں نے مزید کہا ہے کہ معاون اردو مترجم کے جو امیدوار دستاویزی شرائط پوری کرچکے ہیں یعنی ان کے پاس فارم بھرنے کی آخری تاریخ سے پہلے کاای ڈبلیوایس،پرانااین سی ایل اور پرانا او بی سی ہے۔ ان کی فائنل فہرست جاری کرنے میں بی ایس ایس سی کو کیا دشواری ہے؟ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ کونسلنگ میں جن امیدواروں کے پاس پرانے کاغذات موجود ہیں اور انھوں نے دستاویزی شرط پوری کرلی ہے، کم ازکم ان کی فائنل فہرست جاری کی جائے اور ان امیدواروں کی آگے کی کارروائی شروع کردی جائے ،باقی فہرست کے لیے جلد کوشش کی جائے کہ کورٹ سے جلد از جلد فیصلہ ہو۔ اس کے لیے سرکار کو جلد جواب دینے اور سنجیدہ ہونے کی ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ اور حکومت بہار کا عزم ہے کہ وہ اگلے دوتین سالوں میں دس لاکھ سرکاری ملازمت دیں گے۔ یہ ان کا انتخابی وعدہ ہے۔ سرکار اس پر کام کررہی ہے لیکن اگر تین سال پہلے آئی ویکنسی میں رزلٹ اور کونسلنگ کے بعدبھی چھ ماہ کی تاخیر ہو تو سوال اٹھنا لازمی ہے۔یادرہے کہ معاون اردومترجم کی کونسلنگ جولائی کے اواخراوراگست کے اوائل میں ہوچکی ہے لیکن پانچ ماہ گزرنے کے بعدبھی اب تک فائنل فہرست جاری نہیں ہوسکی۔ امیدواروں نے قاری صہیب کاشکریہ ادا کرتے ہوئے دیگرمسلم لیڈران احمد اشفاق کریم ، زمان خان ، ڈاکٹر خالد انور، علی اشرف فاطمی ، ڈاکٹر غلام غوث، عبدالباری صدیقی، اخترالایمان، سرفرازعالم ، محمدکامران ، اخترالاسلام شاہین، مولانا غلام رسول بلیاوی سمیت بہارکی اردو کی مقتدر شخصیات اورصحافیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آواز اٹھائیں اور دستاویزی شرائط پوری کرنے والے معاون مترجم کے امیدواروں کی فائنل فہرست جاری کرنے والے کے لیے پریشر بنائیں نیز اردو مترجم کی باقی 53 سیٹوں کے لیے تیسری فہرست جاری کرانے کی کوشش کریں۔