نئی دہلی: (ملت ٹائمز) انڈو عرب لیگ کی جانب سے گزشتہ شام دہلی کے ہوٹل دی اشوک میں انڈو عرب یوم یکجہتی کا انعقاد کیا گیا جس میں متعدد ممالک کے سفراءکے علاوہ ملک کی سرکردہ سیاسی ، سماجی اور ملی شخصیات نے شرکت کی اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ ہندوستان عرب ممالک کے رشتے بہت قدیم اور پرانے ہیں ۔ ان رشتوں میں مزید استحکام پیدا ہونا چاہیے اور تجارتی رشتوں کا دائرہ مزید وسیع ہونا چاہیے ۔
مہمان خصوصی اور جمو ں وکشمیر کے سابق وزیر اعلی فاروق عبد اللہ نے اپنے خطا ب میں کہاکہ عربوں کا اتحاد ان کی او رہماری سب سے بڑی طاقت ہوگی ۔ عربوں کو یہ ثابت کرنا ہوگا اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے اور سبھی کیلئے ہے ۔ اللہ تعالی رب العالمین ہیں ۔
مہمان خصوصی شتروگن سنہا ایم پی لوک سبھا نے اپنے خطاب میں کہاکہ عرب ممالک کا ہندوستان کی جی ڈی پی کے اضافہ میں بہت بڑا احسان ہے ۔ یہاں کے لاکھوں شہری عرب ممالک میں برسرروزگا ر ہیں جس کی وجہ سے ان کی معاشی حالت بہتر ہوئی ہے ۔ ڈاکٹر عزیز برنی سابق گروپ ایڈیٹر روزنامہ سہارا نے کہاکہ عرب اور ہندوستان کے رشتے بہت قدیم ہیں۔ تجارتی بنیاد پر ان رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش ہونی چاہیے ۔سابق راجیہ سبھا ایم پی محمد ادیب نے عرب اور ہندوستان کے تعلقات نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ میں مراکش کی ٹیم کو سیمی فائنل میں پہونچنے پر مبارکباد پیش کی۔ بحرین کے سفیرعبد الرحمن محمد العقود نے کہاکہ ہندوستان ہمارا بہت اہم اور پرانا دوست ہے ۔ عربوں کے نزدیک ہندوستان کی بہت زیادہ اہمیت ہے ۔ مراکش کے سفیر محمد مالکی نے کہاکہ ہماری ٹیم کی حوصلہ افزائی کیلئے آپ سبھی کا شکریہ اس ورلڈ کپ سے ہم نے بہت کچھ سیکھاہے اور یہ بتا دیا کہ فٹبال میں اب صرف یورپ کی بادشاہت نہیں رہے گی بلکہ عرب اور افریقہ کی ٹیم بھی کمال کرسکتی ہے ۔
اس موقع پر فلسطین ، تیونس ، یمن سمیت کئے ممالک کے سفراء موجود تھے جن کو اعزاز سے نواز ا گیا ۔
واضح رہے کہ انڈو عرب لیگ کا قیام 1967 میں عمل میں آیا تھا جس کے بانی سید وقار الدین مرحوم ہیں ۔مقصد ہندوستا ن اور عرب کے درمیان تعلقات کو فروغ دیناتھا ۔ اس مقصد کیلئے کئی ساری کانفرنسیں منعقد کی گئی جس میں ہندوستان کے صدر جمہوریہ ، وزیر اعظم نے شرکت کی دوسری طرف عر ب ممالک کے حکمراں بھی ان پروگرام میں موجود رہے ۔ مرحوم سید وقار الدین کی وفات کے بعد مشہور سماجی رہنما امیر اکبر علی خان ان دنوں لیگ کے چیرمین ہیں ۔