پی ایم مودی کے ساتھ شو کرنے والے بیئر گریلس کی مشکلات میں اضافہ، دہلی ہائی کورٹ نے کاپی رائٹ کیس میں کیا طلب

ہندوستانی رائٹر اور فلمساز ارمان شرما کے ذریعہ ‘گیٹ آؤٹ الائیو وِد بیئر گریلس’ شو کو لے کر داخل کاپی رائٹ خلاف ورزی کے مقدمے کے جواب میں دہلی ہائی کورٹ نے دیگر لوگوں کے علاوہ برطانوی ایڈونچرر کو سمن جاری کر دیا ہے۔ وارنر برادرس ڈسکوری، نیشنل جیوگرافی اور اوور دی ٹاپ (او ٹی ٹی) سروس ہاٹ اسٹار کو بھی جسٹس امت بنسل نے سمن بھیجا تھا۔

اس درمیان گریلس کے وکیل کی گزارش کے بعد عدالت نے فریقین کو ثالثی کے لیے بھیج دیا۔ معاملہ 17 جنوری 2023 کے لیے دہلی ہائی کورٹ ثالثی سنٹر کے سامنے اور 22 فروری کو عدالت کے سامنے فہرست بند کیا گیا ہے۔ شرما نے یہ الزام لگاتے ہوئے ہائی کورٹ کا رخ کیا کہ گریلس کے شو نے ان کے حقیقی کاپی رائٹ مواد ‘آخری دم تک’ کی خلاف ورزی کی ہے۔

ارمان شرما، جو ایک رائٹر اور فلمساز ہیں، نے 2009 میں ریلٹی شو کا خاکہ اور اسکرپٹ لکھا تھا، جبکہ گریلس کا شو 2013 میں شروع ہوا تھا۔ شرما نے اسے ڈسکوری کو دیا تھا، لیکن چینل نے کہا کہ اسکرپٹ اپنی اُس وقت کی پروگرامنگ اور انوینٹری کی ضرورتوں کو پورا نہیں کرتی۔ اس کے علاوہ انھوں نے الزام عائد کیا کہ گریلس اس وقت ڈسکوری کے ساتھ کام کر رہے تھے اور بعد میں استعفیٰ دے دیا، جس کے بعد انھوں نے مبینہ طور سے خلاف ورزی والا شو این بی سی نامی ایک دیگر چینل کے ساتھ بنایا، جس میں مدعا علیہ نمبر 2 (ٹام شیلی نامی ایک فلمساز) کے ساتھ تیار اپنے حقیقی خاکہ/شو کا حوالہ دیا۔

شرما کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ”حالانکہ حیران کرنے والی بات یہ ہے کہ مارچ 2022 میں مدعی کو اپنے ایک قریبی دوست کے ذریعہ سے پتہ چلا کہ مدعا علیہان کے ذریعہ مذکورہ حقیقی ادبی تخلیق میں ان کے کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے اور مدعا علیہ نمبر 1، 2 اور 4 کے ذریعہ ‘گیٹ آؤٹ الائیو وِد بیئر گریلس’ کے نام سے ایک شو کی تعمیر کی جا رہی ہے اور اسے ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار پر نشر کیا جا رہا ہے۔”

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com