پٹنہ: (پریس ریلیز) سابق مرکزی وزیرمعروف سینئر لیڈر کے رحمٰن خان کوآئی او ایس (انسٹی چیوٹ آف آبجکٹیو اسٹڈیز) کی جانب سے لائف اچیومنٹ ایوارڈ دیئے جانے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ اس اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے جے ڈی یو کے سرگرم لیڈر ،ایم ایل سی ڈاکٹر خالد انور نے کہا ہے کہ جناب کے رحمان خان نے اپنے سیاسی سماجی اور پیشہ ورانہ زندگی میں انمٹ نقوش چھوڑے ہیں ۔ کرناٹک کی سیاست میں انہیں اقلیتوں کے لئے کام کرنیوالا اہم لیڈر تصور کیا جاتا ہے۔ کرناٹک اقلیتی کمیشن کا چیئر مین رہتے ہوئے انہوں نے اقلیتوں کا سروے جیسا تاریخی کام کیا ،جس کی وجہ سے اقلیتوں کے لئے بے شمار اسکیمیں بنائی گئیں مسٹر کے رحمان خان نے الامین بینک ،الامین ایجوکیشن سوسائٹی کے قیام جیسے تاریخی کام کرکے اپنی ریاست کے مسلمانوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ مرکزی وزیر کابینہ رہتے ہوئے انہوں نے ملک کی اقلیتوں کے لئے بے شمار نئی اسکیمیں شروع کرائیں۔ شریعہ بینکنگ وقف املاک کی حفاظت کے لئے وقف ایکٹ، وقف ڈیولپمنٹ کارپوریشن جیسے تاریخی کام کئے ہیں۔آئی او ایس نے لائف اچیومنٹ ایوارڈ ایک مستحق انسان کو دیا ہے۔واضح ہوکہ سابق راجیہ سبھا ممبر جناب رحمٰن خان کویہ ایوارڈ 29 دسمبرکو دہلی کے کنسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا میں ایک پرو گرام کے دوران دیا جانا ہے۔