کسی کو مسلمانوں کے معاملات میں مداخلت کا حق نہیں: اعظم خان

ایٹہ، (ملت ٹائمز )
وزیر اعظم نریندر مودی پر مسلمانوں کے مذہبی معاملات میں مداخلت کا الزام لگاتے ہوئے سینئر ایس پی لیڈر اور ریاستی حکومت میں کابینہ وزیر اعظم خان نے پیر کو ایٹہ کی ایک ریلی میں کہا کہ کسی کو ہمارے معاملے میں مداخلت کا حق نہیں ہے۔یہاں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی حکومت نے مسلمانوں کے دینی معاملات میں مداخلت نہیں کی ، لیکن مودی مداخلت کر رہے ہیں اور اس پر بحث کرنا چاہتے ہیں اور اس پر پابندی لگانا چاہتے ہیں۔ اعظم خان تین طلاق کے مسئلے پر اپنی خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔غورطلب ہے کہ تین طلاق کے مسئلہ کو بی جے پی نے انتخابی ایشو بناتے ہوئے اسے اپنے منشور میں بھی جگہ دی ہے، بی جے پی کا خیال ہے کہ تین طلاق کا معاملہ مسلم خواتین کے مفادات کے خلاف ہے، اس سلسلے میں سپریم کورٹ میں مقدمہ بھی زیر التوا ہے،کئی مسلم تنظیمیں تین طلاق کے مسئلے پر کسی بھی طرح کی چھیڑ چھاڑ کے سخت خلاف ہیں۔اعظم خان نے اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم مودی پر کنگ فشر ایئر لائنس کے مالک وجے مالیا کو بھاگنے ہونے میں مدد کرنے اور ان کا قرض معاف کرنے کا الزام لگایا۔واضح رہے کہ اعظم خان نے حال میں سماج وادی پارٹی میں مچے گھمسان میں باپ بیٹے کے درمیان ثالث کا کردار اداکیا تھا، اعظم خان کو ملائم سنگھ کا بے حد قریبی سمجھا جاتا ہے۔اس بار اعظم خان اپنی روایتی سیٹ رام پور سے ہی الیکشن لڑ رہے ہیں اور اپنے بیٹے عبداللہ اعظم کو سوار سیٹ سے پہلی بار انتخابی میدان میں اتارا ہے۔

SHARE