ظفر الاسلام خان کا نوید حامد کو قانونی نوٹس، کردارکشی کا الزام

نئی دہلی: مسلم مجلس مشاورت کے سابق صدر ظفر الاسلام خاں اور کارگزار صدر نوید حامد کے درمیان برسوں سے جاری سرد جنگ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے بلکہ رہ رہ کر اس میں شدت پیدا ہو جاتی ہے۔ یقیناً اس جنگ نے مشاورت کی صحت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔حالیہ صدارتی و عاملہ کے الیکشن پر بھی اس کا سایہ نظر آیا۔اب لگتا ہے کہ جنگ کلائمکس پر پہنچ گئی ہے۔ ڈاکٹر ظفر الاسلام خاں نے چور کہنے و دیگر غیر پارلیمانی زبان استعمال کرنے پر نوید حامد کو قانونی نوٹس بھیجا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ کرادرکشی کرنے پر معافی مانگیں یا اپنے الزامات ثابت کریں بصورت دیگران پر سول اور کریمنل کیس کیا جائیگا۔ نوید حامد کو اس کے لیے 15دن کی مہلت دی گئی ہے،ابھی تک نوید حامد کی طرف سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ ڈاکٹر خان نے جو خط لکھا ہے اور وہ سوشل میڈیا پر موجود ہے اس کا متن یہ ہے:

عزیزدوستو!

مسلم مجلس مشاورت کے سابق صدر نوید حامد صاحب نے میرے بارے میں جھوٹے اور بے بنیاد الزامات پھیلانے میں ساری حدود پار کردیں ہیں۔ جب بھی انہوں نے دستاویزات مشاورت کے درجنوں مآخذ سے جمع کرنے کے میرے عظیم الشان کام کے بارے میں اپنا جھوٹا اور مصنوعی الزام دہرایا کہ یہ مسلم مجلس مشاورت کی ملکیت ہے تو میں نے فوراً اصل حقیقت کو اجاگر کیا۔ لیکن انہوں نے اس جھوٹے الزام کو استعمال کرتے ہوئے بالآخر مجھ کو مشاورت کی ممبری سے خارج کر دیا جبکہ میں اس تنظیم کا تین بار منتخب صدر رہ چکا ہوں اور میں نے برسوں اس کی دل وجان سے خدمت کی ہے۔ پچھلے چند مہینوں میں نوید حامد صاحب نے ساری حدوں کو پار کرتے ہوئے مجھ کو ”چور“ کہا اور الزام لگایا کہ میں نے مشاورت کی دستاویزات کو ”چوری“ اور ”غصب“ کرکے شائع کیا ہے۔ اس کردار کشی سے تنگ آکر میں نے اب نوید حامد صاحب کو قانونی نوٹس اپنے وکیل کے ذریعے بھیج دیا ہے جس میں ان کو 15 دن کا وقت دیا گیا ہے کہ وہ یا تو اپنے الزامات کو ثابت کریں یا معافی مانگیں اور اگر وہ یہ نہیں کرتے ہیں تو ان کیخلاف سِول اور کریمنل کیس کورٹ میں فائل کیا جائے گا۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com