ضمنی انتخابات: ایک لوک سبھا اور 6 اسمبلی سیٹوں پر 27 فروری کو ڈالے جائیں گے ووٹ، ریزلٹ 2 مارچ کو

الیکشن کمیشن آف انڈیا نے آج (18 جنوری) تین ریاستوں تریپورہ، میگھالیہ اور ناگالینڈ میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ ایک لوک سبھا سیٹ اور 6 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخاب کرانے کا اعلان بھی کیا۔ یہ ضمنی انتخابات 7 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں میں ہوں گے۔ ان سبھی سیٹوں پر 27 فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور نتائج کا اعلان 2 مارچ کو کیا جائے گا۔

جن سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہونے ہیں ان میں لکشدیپ (ایس ٹی) لوک سبھا سیٹ ہے۔ علاوہ ازیں اسمبلی سیٹوں میں اروناچل پردیش کی لملا، جھارکھنڈ کی رام گڑھ، تمل ناڈو کی ایروڈ (ایسٹ)، مغربی بنگال کی ساگرڈگہی، مہاراشٹر کی قصبہ پیٹھ اور چنچواڑ شامل ہیں۔ لکشدیپ (ایس ٹی) لوک سبھا سیٹ پر رکن پارلیمنٹ محمد فیضل کو نااہل قرار دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ضمنی انتخاب کرایا جا رہا ہے۔ محمد فیضل کو حال ہی میں مرکز کے زیر انتظام خطہ کی ایک عدالت نے قتل کی کوشش کے معاملے میں قصوروار ٹھہرایا تھا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے آج ہی تین ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا ہے۔ تریپورہ میں 16 فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے، جبکہ میگھالیہ اور ناگالینڈ میں ووٹنگ کے لیے 27 فروری کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ تینوں ہی ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی 2 مارچ کو ہوگی۔ یعنی اسمبلی انتخابات اور ضمنی انتخابات کے نتائج ایک ہی دن برآمد ہوں گے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com