تعلیم اخلاقیات کے بغیر خشک پودے کی طرح ہے: افرواز عالم، پروفیسر کشمیر یونیور سیٹی
ارریہ: (پریس ریلیز) یوم جمہوریہ کی مناسبت سے الغزالی انٹرنیشنل اسکول (جی آئی ایس)، ارریہ بہار میں ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ اسکول کے بچے اور بچیوں نے مختلف پروگراموں کے ذریعے سامعین کا دل جیتا اور پُر جوش حاضرین نے بچوں کی خوب حوصلہ افزائی و پذیرائی کی۔ بچوں نےانفرادی طور پر اور گروپ کی شکل میں حب الوطنی سے معمور انتہائی خوبصورت نغمات اور نظم پیش کئےاور یومِ جمہوریہ تاریخ کے آئینے میں، دستور ہند کی بالا دستی، بدعنوانی اور دیگر حالات حاضرہ سے ہم آہنگ عناوین پر اردو، ہندی اور انگلش میں ولولہ انگیز تقاریر، مباحثہ اور مکالمہ پیش کرکے بیدار ہندوستان کا واضح ثبوت پیش کیا۔
پروگرام میں بطور مہمان خصوصی کشمیر یونیورسٹی کے پروفیسر جناب افروز عالم صاحب نے شرکت کی۔ آپ نے اپنے وسیع تجربات کی روشنی میں فرمایا کہ بچوں کو کسی ایک تعلیمی شعبے کا پابند نہ بنائیں بلکہ ان کی صلاحیت اور دلچسپی کے اعتبار سے ان کے لیئے راستے ہموار کریں۔ آپ نے بچوں کو خطاب کرتے ہوئے تعلیم میں اخلاقیات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے فرمایا کہ اس کے بغیر تعلیم خشک پودے کی طرح ہے۔آپ نے الغزالی میں تعلیم و تربیت کو ساتھ لے کر چلنے پر خوشی و اطمینان کا اظہار فرمایا۔
پروگرام کے مہمان اعزازی مفتی انعام الباری قاسمی نے علم کی اکائی کو خوبصورت انداز میں ثابت کیا اور اس سمت میں محنت کے لیئے قلبی مسرت کا اظہار کیا۔اس موقع سے ایک اور مہمان شافع الہدی نے وقت کے تقاضے کے مطابق تعلیمی نظام پر بات کی۔اسکول کے چیئر مین جناب شاہ جہاں ندوی نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ اس ملک کے آئین نے سب کو برابر کا حق دیا ہے، اس لئےہمیں تعلیم و محنت کے ذریعہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنا ہے۔ اسکول کے بانی ڈائریکٹر مولانا مدثر احمد قاسمی نے اپنے پیغام میں کہا آج کے یہ بچے کل کے لیڈر ہیں۔ ان کی صحیح تعلیم و تربیت ملک کے دستور کی بقاء اورتحفظ کے لئے ضرورہے اور اِن بچوں کی معیاری تعلیم ہی ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔