نئی دہلی: صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی نے سویڈن ،نیدر لینڈ اور ڈنمارک میں قرآن مجید جلانے اور پھاڑنے کے عمل کومسلمانوں کی دل آزاری، اہانت اور نفرت پر مبنی شیطانی عمل بتایا ہے ۔ انھوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مغربی ممالک کے حکمراں اظہار رائے کی آزادی جیسے عالمگیر نظریے کے نام پر ایک مذہب کے خلاف نفرت ، اشتعال انگیزی اور مذہبی کتابوں کی کھلے عام توہین کی اجازت دے رہے ہیں۔ایسی حرکتیں کسی بھی مہذب سماج میں آزادی کے خانہ میں نہیں آتیں بلکہ یہ نسل پرستی اور دقیانوسیت کامظہر ہیں۔مولانامدنی نے کہا کہ قرآن مجید کلام الٰہی ہے جو انسانی توقیر و عظمت، با ہمی رواداری کا پیغامبر اور حق وصداقت کی علامت ہے، یہ کتاب کسی ایک قوم یا طبقہ کے لیے نہیں ہے بلکہ ساری انسانیت کے لیے ہے ۔
مولانا مدنی نے اقوام متحدہ کی نمائندہ باڈی یونائٹیڈ نیشنز الائنس آف سویلائزیشن کے ذریعہ اس عمل کی مذمت کا خیر مقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اقوام متحدہ اور دیگر مغربی ممالک، یوروپین یونین، ناٹو وغیرہ ان مذکورہ ممالک کے حکمرانوں کو ایسے اعمال کے روکنے پر مجبور کرے گی۔