نئی دہلی : جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی نے بروز اتوار ۱۲؍فروری۲۰۲۳ء کو دہلی کے رام لیلا میدان میں منعقد ہونے والے جمعیۃ علماء ہند کے تاریخی اجلاس عام کے پس منظر پرر وشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک وملت کے جو حالات ہیں وہ ہم سے پوشیدہ نہیں ہیں ۔ جمعیۃعلماء ہند ان حالات میں ہر محاذ پر ڈٹی ہوئی ہے اور ملی جذبے کے ساتھ ظلم و ستم اور غیر قانونی اقدامات کے خلاف سینہ سپر ہے۔ حال میں بلڈوزر کی غیر منصفانہ کارروائی ہویا مدارس اسلامیہ کے تحفظ کا مسئلہ ہو، شان رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کی اہانت ، مسلم پرسنل لاء پر قدغن کی کوشش یا مسلمانوں کے خلاف منافرت اور اسلامو فوبیا کا معاملہ ہو، جمعیۃ علماء ہند آئینی، قانونی اور سماجی راہوں سے ہر ممکن جد وجہد کررہی ہے اور ناانصافی کے سامنے بے خوف میدان عمل میں ہے ۔
اسی حوصلے و عز م کے ساتھ دہلی کے رام لیلا میدان میں اجلاس عام منعقد ہورہا ہے۔ ہم تمام ائمہ مساجد اور ذمہ داران مساجد و عبادت گاہوں سے خصوصی اپیل کرتے ہیں کہ وہ خطبۂ جمعہ کے موقع پر لوگوں کو متوجہ کریں کہ وہ بڑی تعداد میں رام لیلا میدان دہلی پہنچیں ۔ یہ موقع ملت کے قدم جمانے اور ان کے حوصلے بلند رکھنے کا ہے تا کہ وہ تعمیری جذبے کے ساتھ ملک و ملت کی خدمت انجام دے سکیں ۔مولانا حکیم الدین قاسمی نے اجلاس عام کی ضرور ت پر مزید روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس میں ملک بھر سے اراکین جمعیۃ، علماء کرام، دانشوران ملت اور ذی شعور افراد شریک ہوکر اہم مسائل پر سنجیدہ غور وفکر کے ساتھ ملت اسلامیہ کی رہنمائی کریں گے ۔