نئی دہلی: حکومت نے آج راجیہ سبھا کو بتایا کہ فی الحال ملک میں یکساں سیول کوڈ نافذ کرنے کا فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔ وزیرقانون کرن رجیجو نے اپنے ایک تحریری جواب میں بتایا کہ حکومت نے 21 ویں لاء کمیشن سے درخواست کی ہے کہ وہ یکساں سیول کوڈ سے متعلق مختلف مسائل کا جائزہ لے اور پھر سفارشات کرے۔انہوں نے کہا کہ 21 ویں لاء کمیشن کی میعاد 31 اگست 2018 کو ختم ہوچکی ہے۔ لاء کمیشن کی جانب سے موصولہ اطلاعات کے مطابق یکساں سیول کوڈ سے متعلق معاملہ پر 22 واں لاء کمیشن ہی غور کرسکتا ہے۔ اسی لئے فی الحال یکساں سیول کوڈ پر عمل آوری کا فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔ موجودہ لاء کمیشن کی میعاد جاریہ ماہ کے اواخر میں ختم ہورہی ہے۔ سرکاری ذرائع نے اشارہ دیا ہے کہ پینل کی تین سالہ میعاد میں توسیع کی جاسکتی ہے۔ موجودہ لاء کمیشن 21 فروری 2020 کو تشکیل دیا گیا تھا لیکن اس کے چیر پرسن اور ارکان کا تقرر گزشتہ سال نومبر میں کیا گیا تھا۔ 21 ویں لاء کمیشن نے یونیفارم سیول کوڈ سے متعلق مختلف مسائل کا جائزہ لیا ہے اور ایک مشاورتی دستاویز بعنوان ”عائلی قانون میں اصلاح“ اپنی ویب سائٹ پر اپلوڈ کیا ہے تاکہ وسیع تر مشاورت کی جاسکے۔ واضح رہے کہ بی جے پی نے 2014 اور 2019 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل وعدہ کیا تھا کہ وہ یونیفارم سیول کوڈ نافذ کرے گی۔