دہلی کے جنتر منتر پر باگیشور دھام پیٹھا دیشور کی حمایت میں منعقدہ دھرم سنسد سے سادھوؤں کی اشتعال انگیزی، ہندوؤں کو تلوار اور بندوق رکھنے کا مشورہ، لوجہاد کے مرتکبین کو چوراہے پر گولی مارنے کے لیے ورغلایا
نئی دہلی: انگریزوں نے کہا تھا ’توڑو بانٹو راج کرو‘، کانگریس نے کہا تھا ’توڑو بانٹو راج کرو‘، عیسائیوں نے کہا ’توڑو بانٹو راج کرو‘، مسلمانوں نے کہا ’کاٹو مارو، عیسائیوں نے کہا کاٹو مارو‘، ارے بھائیو تم کب کاٹو گے، ماروگے، جب تم سب مر جاؤ گے، ارے عیسائی مسلمانوں کو کب ماروگے، تمہارے پاس کیا ہے کہ ماروگے ، اتنی سی چاقو ہے جس سے سبزی کاٹتے ہوئے، اس چاقو سے کچھ نہیں ہونے والا، ہتھیار رکھو، تلوار رکھو، بندوقیں رکھو، کیوں کہ ایک ہاتھ میں شستر (اوزار) اور دوسرے میں شاستر (مذہبی کتابوں ) ہونا چاہئے۔ دونوں کا توازن برقرار رکھ کر چلو، مار کاٹ کرنی پڑے تو کرو، ارے جو مذہب کو کاٹنے آتا ہے، ہندو اکثریت کو کاٹنے آتا ہے، ارے ہمارے ساشستر کو پھاڑنے آتا ہے، اس شخص کو غدار قرار دے کر بارڈر پر کھڑا کرکے گولی ماردو، ہماری بہو بیٹیوں کو جو لے جاتا ہے اسے چوراہے پر کھڑا کرکے گولی ماردو، عیسائی ہو یا مسلمان ہو اس لیے ہمارے گرنتھوں، کی رام چرت مانس کی جو توہین کرنے والا ہے اسے سبق سکھائو ہندو سماج۔ ان اشتعال انگیز جملوں کا استعمال کل دہلی کے جنتر منتر پر باگیشور بابا کی حمایت میں منعقدہ ’دھرم سنسد‘ سے صدارت کررہے مہا منڈیلیشور ہری بھگت نے کیا۔ جس کی ویڈیو ٹوئٹر سمیت دیگر سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔بتایاجارہا ہے کہ اسی دھرم سنسد سے بی جے پی ہریانہ کے چیف میڈیا کوآرڈی نیٹر سوج پال امو نے بھی کہا کہ اگر سریش چوہانکے کے خلاف کوئی جاتا ہے ، اسے ہندوستان کو ہندو راشٹر بنانے سے کوئی روکتا ہے تو اس کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے، تشدد پر اتر آئیں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق شری باگیشور بالا جی دھام شیثیہ منڈل دہلی کے ذریعہ منعقدہ دھرم سنسد میں حصہ لینے کے لیے بڑی تعداد میں سادھو سنت پہنچے تھے۔ اس دھرم سنسد کی صدارت مہامنڈلیشور سوامی ہری بھگت نے کی۔ اس دھرم سنسد میں کچھ تجاویز بھی پاس کیے گئے جس میں رام چرت مانس کو قومی گرنتھ قرار دینے، باگیشور دھام پیٹادیشور دھریندرشاستری کو زیڈ پلس سیکوریٹی مہیا کرانے، سادھو سنتوں اور گرنتھوں کی توہین کرنے والوں پر سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ، ہندو راشٹر کے عہد کو لے کر بھی اعلان کیاگیا۔ اس ویڈیو کو صحافی ونود کاپری نے بھی ٹوئٹر پر شیئر کیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ’’ہندوستان کی راجدھانی دہلی میں قتل عام کی اپیل کرنے والے ان خونخوار طالبانیوں کو فوراً گرفتار کیاجاناچاہئے، ملک میں آتنک اور دہشت کا بیج بونے والے یہ لوگ غدار ہیں، ملک مخالف ہیں، آئین مخالف ہیں، ان پر راسوکا ؍یو اے پی اے لگناچاہئے‘‘۔