پٹنہ: نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے ) کی ٹیم نے پیر کے روز بہار میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی ) سے تعلق رکھنے والے آٹھ ٹھکانہ پر چھاپہ ماری کی ۔ چھاپہ ماری کے دوران ٹیم نے پٹنہ کے پھلواری شریف علاقے سے دولوگوں کو گرفتار کیاہے۔دراصل این آئی اے ٹیم کو پی ایف آئی سے وابستہ لوگوں کی دہشت گردانہ سازش کی اطلاع ملی تھی۔ اس کے بعد ٹیم پوری طرح چوکس ہوگئی اور پی ایف آئی سے وابستہ لوگوں کی گرفتاری کے لیے بہار کے مختلف اضلاع میں لگاتار چھا پہ ماری کر رہی ہے ۔ بہار میں گزشتہ کئی دنوں سے این آئی اے کی چھاپہ ماری جاری ہے۔ اسی سلسلے میں آج پھلواری شریف علاقے سے دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کے نام تنویر رضا عرف برکاتی اور محمد عابد عرف آرین بتائے گئے ہیں۔این آئی اے ذرائع کے مطابق پی ایف آئی کے ارکان بہار کے پھلواری شریف علاقے میں اپنے منصوبوں پر بات کرنے کے لیے جمع ہوئے تھے۔ اس سے قبل بہار کے مشرقی چمپارن ضلع میں چھاپہ ماری کی گئی تھی اور وہاں سے دو لوگوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اس سے قبل بھی این آئی اے کی ٹیم نے کئی لوگوں کو گرفتار کیا تھا اور ممنوعہ تنظیم پی ایف آئی سے متعلق مضامین اور دستاویزات ضبط کیے تھے۔12 جولائی 2022 کو پھلواری شریف تھانہ میں اس معاملے کی شکایت درج کرائی گئی تھی ، جس کے بعد این آئی اے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔