مسلسل چار ٹیسٹ سیریز میں ڈبل سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بنے کوہلی

حیدرآباد،(ملت ٹائمز)
ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے جمعہ بنگلہ دیش کے خلاف واحد ٹیسٹ میں کیریئر کی چوتھی ڈبل سنچری لگا کر تاریخ رقم کی۔کوہلی مسلسل چار ٹیسٹ سیریز میں ڈبل سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔کوہلی اس اننگز میں 204رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔انہیں تاج الاسلام نے آؤٹ کیا۔اس کے علاوہ کوہلی نے گھریلو سیزن میں سب سے زیادہ رن بنانے کا بھی ریکارڈ بنایا۔کوہلی نے 15اننگز میں 1116رنز مکمل کر لئے ہیں،اس کے ساتھ ہی انہوں نے ہندوستان کے ہی وریندر سہواگ کے 2004-05سیزن میں بنے ریکارڈ کو توڑ دیا۔سہواگ نے 17اننگز میں 69.06کے اوسط سے 1105رنز بنائے تھے۔کوہلی نے 93کے اوسط سے یہ رنز بنائے ہیں۔اس دوران انہوں نے چار سنچری اور دو نصف سنچری لگائی۔
واضح رہے کہ اس دوران کوہلی ایک بار بھی صفر پر آؤٹ نہیں ہوئے۔سہواگ نے بھی 2004-05کے سیزن میں چار سنچری لگائی تھی۔سہواگ نے اس دوران تین نصف سنچری بھی لگائی تھی،سہواگ ایک بار صفر پر آؤٹ ہوئے تھے،گھریلو سیزن میں سب سے زیادہ رن بنانے والے پانچ بلے بازوں میں سے چارہندوستانی بلے باز ہیں۔کوہلی اور سہواگ کے علاوہ سنیل گاوسکر اور دلیپ وینگسرکر بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔اس فہرست میں تیسرے نمبر پر انگلینڈ کے سابق کپتان گراہم گوچ ہیں جنہوں نے 1990کے گھریلو سیزن میں 1058رنز بنائے تھے۔گوچ نے اس دوران 96.18کے اوسط سے رن بنائے تھے۔گوچ نے اس سیزن میں 4سنچریاں اور تین نصف سنچری لگائی تھی۔گوچ ایک بار صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔ہندوستان کے سابق کپتان سنیل گواسکر اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں جنہوں نے 1979-80کے گھریلو سیشن کی 21اننگز میں 51.35کے اوسط سے 1027رنز بنائے تھے۔گواسکر نے تین سنچریاں اور چار نصف سنچری لگائی تھی۔دلیپ وینگسرکر اس فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں۔وینگسرکر نے 1986-1987کے سیشن میں کھیلی 13اننگز میں 107.33کے اوسط سے چار سنچری اور تین نصف سنچری کی مدد سے 966رنز بنائے تھے

SHARE