جوشی مٹھ بحران: لوگوں کے صبر کا پیمانہ لبریز، مشعل لے کر سڑکوں پر اترے، بی جے پی حکومت کے خلاف نعرے بازی

دہرادون: اتراکھنڈ کے جوشی مٹھ میں زمین کے دھنسنے سے متاثر ہونے والے لوگوں کے صبر کا پیمانہ اب لبریز ہو چکا ہے۔ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے تحصیل احاطے میں بیٹھے احتجاج کر رہے لوگ شہر کی سڑکوں پر ہاتھوں میں مشعلیں لے کر اتر آئے اور جلوس نکالا۔ اس دوران لوگوں نے اتراکھنڈ کی بی جے پی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور وزیر اعلیٰ پشکر دھامی مردہ باد کے نعرے لگائے۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ زمین کے کٹاؤ کی وجہ سے ان کی عمارتوں اور زمینوں کو نقصان پہنچا ہے، لہذا اس کا مناسب معاوضہ دیا جائے اور مستقل بحالی کی جائے۔ دھرنے پر بیٹھے لوگوں کا الزام ہے کہ حکومت اس معاملے میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے ٹال مٹول کر رہی ہے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ حکومت آفت زدہ لوگوں کو مسلسل نظر انداز کر رہی ہے، ایک ماہ سے زائد کا عرصہ ہو گیا ہے لیکن ابھی تک متاثرہ افراد کی بحالی نہیں ہوئی اور وہ راحتی کیمپوں میں وقت گزار رہے ہیں۔

خیال رہے کہ تقریباً ایک ماہ قبل بھی لوگ انہی مطالبات کے لیے ہاتھوں میں مشعلیں لے کر سڑکوں پر نکل آئے تھے لیکن صورتحال اب بھی جوں کی توں برقرار ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com