بنگلورو: ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور میں انٹرنل سکیورٹی ڈویژن اور قومی تحقیقاتی ایجنسی کی مشترکہ کارروائی میں القاعدہ کے ایک مشتبہ شدت پسند کو حراست میں لیا گیا ہے۔ صبح میں کارروائی کے دوران منجوناتھا نگر تھانیسندرا کے رہنے والے عارف نام کے ایک شخص کو القائدہ سے روابط کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔ عارف ایک نجی سافٹ ویئر کمپنی میں کام کرتا تھا۔ اس وقت وہ ورک فروم ہوم کے ذریعے کام کر رہا تھا۔ عارف پر الزام عائد کیا جارہا ہے کہ وہ ممنوعہ تنظیم القاعدہ کے ساتھ گذشتہ دو برسوں سے رابطے میں تھا اور ٹیلی گرام سمیت دیگر مقامات پر القاعدہ سے متعلق دیگر گروپوں میں سرگرم بھی تھا۔ملزمین کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والے قومی تحقیقاتی ایجنسی نے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ آف انٹرنل سکیورٹی کی پولیس کے ساتھ مشترکہ مہم چلائی۔ مشترکہ مہم کے دوران مارچ کے مہینے میں عراق کے راستے شام جانے کی تیاری کرنے کے الزام میں اس مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا۔ اس معاملے میں مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ این آئی اے کو امید ہے کہ گرفتار ملزم سے ان کے شدت پسندانہ عزائم کے بارے میں مزید جانکاری حاصل کی جا سکتی ہیں۔ این آئی اے ذرائع کے مطابق اب اس معاملے میں ابھی پوچھ گچھ شروع کی جائے گی۔