نئی دہلی: دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے جمعہ کے روز دہلی کے مہرولی میں غیرقانونی طور پر تعمیر کی گئی کئی تین اور چار منزلہ عمارتوں کو منہدم کر دیا۔ اس کارروائی پر مقامی باشندگان نے سخت رد عمل ظاہر کیا اور احتجاج کیا۔ دریں اثنا، علاقہ میں بھاری پولیس فورس تعینات کی گئی ہے۔مقامی لوگوں نے کہا کہ ڈی ڈی اے نے اندھیریا موڑ پر واقعہ اولیا مسجد کے نزدیک دو تین منزلہ عمارتوں اور جھونپڑیوں کو منہدم کر دیا ہے۔قبل ازیں، ہائی کورٹ کے حکم کے تحت ڈی ڈی اے نے مہرولی کی گھسیا کالونی میں چار عمارتوں میں بنے تقریباً 50 فلیٹوں کو بلڈوزر کے ذریعے منہدم کر دیا، اس سے مشتعل لوگوں نے پولیس پر پتھراؤ کر دیا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کے گھروں کو بغیر کسی اطلاع کے مہندم کیا جا رہا ہے، جبکہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام متاثرین کو پہلے ہی نوٹس دیا جا چکا ہے۔ڈی ڈی اے افسر جمعہ کے روز لاؤ لشکر کے ساتھ گھسیا کالونی پہنچے تھے۔ اطلاع موصول ہوتے ہی متاثرہ افراد گھروں سے باہر نکا آئے۔ انہوں نے ڈی ڈی اے کے افسران سے انہدامی کارروائی روک دینے کی اپیل کی اور اپنے کاغذات بھی ظاہر کئے لیکن ڈی ڈی اے افسران نے ایک نہیں سنی۔ افسران کا کہنا تھا کہ یہ زمین آثار قدیمہ اور وقف بورڈ سے وابسہ ہے اور ایک قدیمی پارک کا حصہ ہے۔ لوگوں کو یہ بھی بتایا گیا کہ ان عمارتوں کو مہندم کرنے کا حکم ہائی کورٹ نے دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ مہینے ایل جی کے حکم پر یہاں کے لوگوں کو نوٹس پیش کرنا شروع کیا گیا تھا۔ وہیں، تقریباً 15 دن قبل لوگوں سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ گھروں کو خالی کر دیں۔