پی ایف آئی پر پر پابندی لگاکر دنیا کے سامنے کامیاب مثال پیش کی ملک کی داخلی سلامتی مستحکم ہوگئی، حیدرآباد میں وزیر داخلہ امیت شاہ کا خطاب

حیدرآباد: مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں داخلی سلامتی مستحکم ہوگئی ہے۔ حیدرآباد کی سردارپٹیل پولیس اکیڈیمی میں آئی پی ایس پروبیشنرس کے 74ویں بیچ کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے ہفتہ کی صبح خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاپولر فرنٹ آف انڈیا(پی ایف آئی) پر حالیہ پابندی کے ذریعہ ہم نے دنیا کے سامنے ایک کامیاب مثال پیش کی ہے۔ہندوستان کی سرکاری ایجنسیوں کی قیادت میں ملک کی پولیس فورسس نے ایک ہی دن میں پی ایف آئی جیسی تنظیم کے خلاف کامیاب آپریشن انجام دیا۔ این آئی اے و این سی بی کی توسیع سے نارکوٹکس اور دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو قابو میں کرنے میں مدد ملی ہے۔دہشت گردی سے متعلق جرائم، نارکوٹکس اور معاشی جرائم پر نیشنل ڈاٹابیس کے ذریعہ نظررکھی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو مستحکم اور ہیڈ کانسٹیبل سے لے کر ڈی جی پی کی سطح تک کے تمام پولیس عہدیداروں کو ٹکنالوجی سے لیس کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔اس مشن سے پولیس فورس مزید مستحکم ہوسکے گی اور آنے والے دنوں میں کسی بھی قسم کے چیلنج کا سامنا کرپائے گی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے سرگرم اقدامات کے نتیجہ میں جموں وکشمیر میں دہشت گردی، شمال مشرق میں شورش پسندی اور ملک کے بعض حصوں میں بائیں بازو کی انتہائی پسندی پر قابو پایاگیا ہے۔یہ کام ملک میں مضبوط سیاسی عزم اور سیکوریٹی ایجنسیوں کے استحکام کے نتیجہ میں ہوپایا ہے۔انہوں نے آئی پی ایس پروبیشنرس سے خواہش کی کہ وہ قابل رسائی اور جوابدہ بنیں تاکہ مستحکم پالیسی تیار کی جاسکے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com