دیوبند: بجرنگ دل کے ریجنل کوآرڈینیٹر وکاس تیاگی نے جمعیۃ علما ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی کے خلاف مبینہ طور سے قابل اعتراض بیان دینے کا الزام لگاتے ہوئے سہارنپور کی کوتوالی دیوبند میں ایف آئی آر درج کرنے کے لئے تحریری طور پر شکایت کی ہے۔ریجنل صدر وکاس تیاگی نے اپنی شکایت میں الزام لگایا کہ مولانا مدنی کے بیان سے ہندوؤں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ اس بیان کی وجہ سے نہ صرف دو مذاہب کے درمیان تلخیاں پیدا ہونگی بلکہ آپس میں دشمنی بھی پیدا ہوگی۔ وکاس نے اپنی تحریری شکایت میں کہا ہے کہ مدنی کا یہ بیان ایک مذہب کے تئیں سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہے۔ اس بیان سے ہندو مذہب خود کو رسوا محسوس کررہا ہے۔ اور اس بیان سے کبھی بھی اشتعال پیدا ہوسکتا ہے۔ اس لئے ان کے ذریعہ دئیے گئے لیٹر کو قبول کرتے ہوئے مدنی کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کاروائی کی جائے۔