بہترین اور مہذب معاشرہ کی تشکیل کے لئے تعلیم ضروری معہد الصالحات دوگھرا میں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کا طلبا و اساتذہ سے خطاب

دربھنگہ: (محمد رفیع ساگر) عورت کا تعلیم یافتہ اور باکردار ہونا بے حد ضروری ہے کیونکہ آنے والی نسل کی تہذ یب اور تربیت کی ذمہ داری اسی کے کاندھوں پر ہوتی ہے۔ اگر عورت تہذیب یافتہ ہوگی تو پورا معاشرہ تہذیب یافتہ ہوگا۔مذکورہ باتیں ملک کے مشہور عالم دین مسلم پرسنل لإ بورڈ کے جنرل سکریٹری فقیہ العصر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے مقامی بلاک کے دوگھرا میں قائم معہدالصالحات مدنی نگر میں اساتذہ و طلباء سے اپنے خطاب میں کہیں۔انہوں نے کہا کہ اسی لئے تعلیم نسواں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے اور دی بھی جا رہی ہے۔آزادی کے پہلے بھی لڑکیوں کی تعلیم جاری تھی اور آزادی کے بعد تو اس کو لازم قرار دے دیا گیا ہے۔تعلیم ہر قوم کے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ دنیا اتنی تیزی سے ترقی کر رہی ہے تاہم اگر ہم نے تعلیمی نظام میں خاطر خواہ ترقی نہیں کی تو نہ صرف کہ ہم دوسروں سے پیچھے رہ جائیں گئے، بلکہ شاید ہمارا وجود ہی قائم نہ رہے۔اس لئے خاتون کی تعلیم کے لئے بہتر انظامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ تعلیم انسان کی بنیادی ضرورت ہے۔ جس طرح زندگی گزارنے کے لئے طلب معاش اور کسب معاش ضروری ہے اسی طرح ایک بہترین اور مہذب معاشرہ کی تشکیل کے لئے تعلیم ضروری ہے اس کے بغیر ترقی ناممکن ہے۔آج ضرورت ہے کہ قوم کے نونہالوں کے لئے ایسے تعلیمی ادارے قائم کیے جائے جس میں نہ صرف تعلیم بہتر ہو بلکہ تعلیم کے ساتھ تربیت کا بھی نظم ہو۔ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی متھلانچل کے صاحب کشف بزرگ مولانا جابر حسین قاسمی کی دعوت پر معہد تشریف لائے تھے،معہد کے معائنہ کے بعد انہوں نے خوشی کا اظہار کیا اورادارہ کے ناظم انجینئر محمد حماد صدیقی کے کاموں کی ستائش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔ کہا کہ آپ کا یہ کام قابل ستائش ہے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم ہماری گمشدہ پونجی ہے،حکمت ودانائی جہاں سے ملے حاصل کرنی چاہیے ،چاہئےکہ اپنے اخراجات کو کم کرکے تعلیم پرخرچ کریں،اگر‌اپنے بچوں کو صحیح علم سے آراستہ کردیا تو وہ ہر جگہ سرخرو رہے گا۔واضح رہے کہ مسلم پرسنل لإ کے جنرل سکریٹری مولانا خالد سیف اللہ کی آمد پر مدرسہ کے ناظم انجینئر محمد حماد صدیقی،استاذ قاری شبیر احمد سمستی پوری،حافظ نقی امام، مولانا مقصود احمد قاسمی سمیت دیگر اساتذہ نے پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر مدرسہ قاسم العلوم حسینیہ دوگھرا کے سابق پرنسپل مولانا اسرار احمد شگفتہ، الحاج ماسٹر مفید عالم، قاری شمیم اختر ندوی، عمران انصاری، مولانا مظفر رحمانی معتمد خاص سبیل الفلاح جالے، مفتی عامر مظہری قاسمی ناظم تعلیمات سبیل الفلاح جالے کے علاوہ دیگر سرکردہ شخصیات بھی شریک تھے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com