ہمارا واحد مقصد بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنا ہے: تیجسوی

پٹنہ: بہار کے نائب وزیر اعلیٰ اور راشٹریہ جنتا دل کے سینئر لیڈر تیجسوی پرساد یادو نے کہا کہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں جھارکھنڈ میں پارٹی کتنی سیٹوں پر لڑے گی اس پر ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ تیجسوی یادو نے آج یہاں پارٹی کے ریاستی دفتر میں منعقد ایک پریس کانفرنس میں یہ بات کہی۔ تیجسوی یادو نے کہاکہ ہماری پارٹی کا واحد مقصد بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راشٹریہ جنتا دل سماجی انصاف کے نظریہ کے ساتھ کام کر رہی ہے۔تیجسوی یادو نے کہا کہ 2019 کے جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات میں ہم نے جے ایم ایم سپریمو شیبو سورین کی قیادت میں عظیم اتحاد کے تحت الیکشن لڑا تھا۔ اتحاد کو مزید مضبوط کرنا ہے اور آنے والے دنوں میں آر جے ڈی کا پروگرام جھارکھنڈ کے تمام اضلاع میں منعقد کیا جائے گا۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کو کسی بھی قیمت پر مضبوط نہیں ہونے دیا جائے گا۔ دوسری طرف، 1932 کھتیان پر مبنی مقامی پالیسی کے سوال پر، تیجسوی نے کہا کہ جھارکھنڈ کے وزیر اعلی ہیمنت سورین ہر چیز کو دیکھ رہے ہیں اور مقامی پالیسی کے بارے میں کابینہ کا جو بھی فیصلہ لیا گیا ہے، ہم اس کے ساتھ ہیں۔تریپورہ میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ایک بیان پر تیجسوی یادو نے کہا کہ اگر ہم خیال پارٹیاں مل کر الیکشن لڑیں تو غلط کیا ہے۔ شاہ کی باتیں بکواس ہیں اور مسٹر شاہ کو معلوم ہونا چاہئے کہ جب بی جے پی نے این ڈی اے اتحاد بنایا تھا تو اس میں کتنی پارٹیاں شامل تھیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com