سی اے اے مخالف تحریک کے درمیان قربت رنگ لائی، فہد احمد کے ساتھ کورٹ میرج کرلی
ممبئی: ملکی مسائل پر بے باکی سے اپنی رائے رکھنے والی اور سی اے اے تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی بالی ووڈ اداکارہ سورا بھاسکر طلبہ لیڈر فہد احمد کے ساتھ رشتہ ازدواج سے منسلک ہوگئی ہیں۔دستاویزات کے مطابق دونوں نے ۶؍ جنوری ۲۰۲۳ کو ممبئی میں شادی کرلی ہے۔ فہد احمد سماج وادی پارٹی کے یوتھ ونگ مہاراشٹر اور ممبئی کے صدر ہیں، فروری ۱۹۹۲ کو اترپردیش کے بریلی ضلع میں پید ا ہوئے، انہوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی ہے، پھر ایم فل کرنے کےلیے ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنس آگئے یہاں انہوں نے سیاست میں قدم رکھا اور طلبہ یونین کے جنرل سکریٹری منتخب ہوئے۔ آج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی طلبہ یونین کے سابق صدر مشکور احمد عثمانی جو اس شادی میں شریک تھے، انہوں نے شادی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا لکھا کہ ’’میرے دوست اور نوجوان او رفعال لیڈر فہد احمد مشہور ایکٹوسٹ اداکار ہ سورا بھاسکر کو شادی کی مبارک باد ۔ انہوں نے لکھا کہ آج ہماری دنیا میں جو نفرت اور عدم برداشت ہے اس پر کھڑے ہونے کے لئے ہمت کی ضرورت ہے لیکن آپ کی آپس میں محبت ایک طاقتور قوت ہے جو ان رکاوٹوں کو دور کرنے میں مدد دے گی۔ایک بار پھر مبارک ہو! آپ کی محبت آباد رہے، میری طرف سے آپ کو وہ تمام خوشیاں اور مسرت مبارک ہو۔ بتادیں کہ فہد احمد کو حال ہی میں ممبئی سماج وادی پارٹی نے یوتھ ونگ کا صدر بنایا ہے۔ وہ ممبئی ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشیل سائنسز کے سابق جنرل سکریٹری رہ چکے ہیں ۔ سورا بھاسکر نے بھی شادی کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے اور اپنی محبت کی داستان بتائی ہے۔ دونوں نے پہلی بار ۲۰۱۹ میں سی اے اے تحریک کے دوران ملاقات کی تھی، جس کے بعد ان کے درمیان بات چیت کاسلسلہ بڑھا وہیں فحد نے سورا کو اپنی بہن کی شادی میں مدعو کیا تھا لیکن شوٹنگ میں مصروف ہونے کی وجہ سے سورا اس شادی میں شریک نہیں ہوسکی تھیں لیکن انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ وہ فہد کی شادی میں ضرورآئیں گی کسے معلوم تھا کہ شادی ہی فہد سے ہوجائے گی۔ انتہائی سادگی کے ساتھ دونوں نے کورٹ میرج کی ہے، ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں دونوں گلے میں ہار پہنے نظر آرہے ہیں، اور سورا فہد کا ہاتھ تھامے ہوئے ہے۔