رامپور: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سینئر لیڈر اور اتر پردیش حکومت کے سابق وزیر اعظم خان کو لگاتار مشکلات کا سامنا ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ کی زیرقیادت ریاستی حکومت نے اعظم کے جوہر ٹرسٹ کے زیر انتظام رامپور پبلک اسکول کی عمارت کی لیز کو منسوخ کر دیا تھا۔ حکومت کے اس فیصلے کے بعد اب محکمہ اقلیتی امور نے ٹرسٹ کو زمین خالی کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا ہے۔
اقلیتی کمیشن نے ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے ٹریننگ اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی عمارت اور زمین کو 15 دنوں کے اندر خالی کرنے کو کہا ہے۔ جب ریاست میں سماجوادی پارٹی کی حکومت تھی تو رامپور میں جیل روڈ پر واقع سرکاری زمین اعظم خان کے جوہر ٹرسٹ کو 100 روپے سالانہ کے حساب سے لیز پر دی گئی تھی۔
جوہر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی عمارت تقریباً 20 کروڑ روپے کی لاگت سے بنائی گئی ہے اور اسے 13000 مربع میٹر اراضی پر تعمیر کیا گیا ہے۔ اعظم خان نے جوہر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کو 99 سال کے لیے لیز پر لیا تھا۔
ایس ڈی ایم صدر نرنکار سنگھ نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے محکمہ اقلیتی امور کو ایک خط جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ادارے کی جانب سے کی جا رہی بے ضابطگیوں کی وجہ سے لیز کو منسوخ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ضلع مجسٹریٹ کی طرف سے چار رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اس کمیٹی نے انسٹی ٹیوٹ کے منیجر کو حکومت کے خط سے متعلق زمین اور عمارت خالی کرنے کا نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔
ایس ڈی ایم صدر کے مطابق ادارے کے منیجر کو 15 فروری کو نوٹس جاری کیا گیا تھا اور انہیں زمین اور عمارت خالی کرنے کے لیے 15 دن کا وقت دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوٹس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ اگر مقررہ وقت کے اندر اراضی خالی نہیں کی گئی، تو حکومت کی جانب سے اسے خالی کرنے کے لیے کارروائی کی جائے گی۔
ایس ڈی ایم صدر نے یہ بھی بتایا کہ تحصیل سے ایک ٹیم موقع پر گئی تھی، جس نے موقع پر پایا کہ اس عمارت میں رامپور پبلک اسکول چل رہا ہے، تحصیل ٹیم نے اپنی رپورٹ ضلع مجسٹریٹ کو بھیج دی ہے۔ ایس ڈی ایم نے واضح کیا کہ جو بھی حکم آئے گا اسی کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔