سوشل میڈیا پر بہار میں ایسی جسارت پر نکتہ چینی
پٹنہ : سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر ایک ویڈیو گردش کررہا ہے جس میں کھلے عام حضور ﷺ کی شان اقدس میں نعوذباللہ گستاخی کی جسارت کی جارہی ہے۔ ملت ٹائمز کی خبر کے مطابق یہ واقعہ مدھے پورہ ضلع کے کمارکھنڈ پرکھنڈ کے لکشمی بھگوتی پنچایت کا ہے جہاں بجرنگ دل کے کچھ شرپسند حضور ﷺ کی شان اقدس گستاخی کررہے ہیں اور مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز نعرے لگارہے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شرپسندوں کا ہجوم شان قطار لگا کر نعرے بازی کرتے ہوئے شان رسالت میں گستاخی کررہا ہے اور اس کی باقاعدہ ویڈیو گرافی ہورہی ہے۔ ٹوئٹر پر ملت ٹائمز کے ذریعے اس ویڈیو کو پوسٹ کرنے کے بعد آر جے ڈی کے فعال لیڈر ایم ایل سی قاری صہیب جامعی نے بہار پولس کو ٹیگ کرکے بروقت کارروائی کا مطالبہ کیا انہوں نے لکھا کہ آپسی بھائی چارہ بنائے رکھنے کی ذمہ داری ہم سب کی ہے، بہار پولس کے سینئر عہدیداروں سے ان سماجی شرپسندوں کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی گزارش کرتا ہوں‘‘۔ اس ٹوئٹ کے جواب میںبہار پولس نے مدھے پورہ پولس کا ٹوئٹ پوسٹ کیا جس کے مطابق ’’مدھے پورہ کے شری نگر تھانہ علاقہ کے وائرل ویڈیو کے متعلق مقدمہ درج کرکے کارروائی کی جارہی ہے، اس معاملے میں اب تک ۴ لوگوں کو گرفتار کیاگیا ہے، مزید کارروائی بھی جلد ہوگی، آپسی بھائی چارہ بنائے رکھیں، ان کے خلاف انصاف کے تقاضوں کے مطابق کارروائی ہوگی‘‘۔ بتادیں کہ ٹوئٹر پر ملت ٹائمز کی ویڈیو پوسٹ کرنے کے بعد کئی صارف نے بہار کی سیکولر سرکار پر اس طرح کی دریدہ دہنی کے خلاف آواز اُٹھائی ہے۔ سماجی کارکن علیشہ خان نے لکھا کہ ان غنڈوں پر جب تک کارروائی نہیں ہوگی، یہ جاہلوں والوں حرکت کرتے رہیں گے۔ سید بشار علیگ نے تیجسوی یادو کو ٹیگ کرکے لکھا کہ دیکھ رہے ہیں یہ تو حال ہے سیکولر سرکار کا۔ آصف عالم نے لکھا کہ ایسے نفرتی ٹولے پر سخت سےسخت کارروائی کی جائے، جو سماج میں نفرت پھیلاتےہیں۔ محمد آصف شیخ نے لکھا کہ غلطی ان کی نہیں، یہ تو سیاست داں کے پروپیگنڈے کا شکار ہیں، بلکہ غلطی مسلم لیڈروں ، وزرا اور این جی اوز کی ہے جو کچھ ایکشن نہیں لیتی ایسی سرگرمیوں کے خلاف۔ جویریہ شیخ نے لکھا کہ یوپی تک تو ٹھیک تھا، ارے یہ غنڈے تو بہار بھی پہنچ گئے، نتیش جی یہ سب کیا ہورہا ہے، کہیں ایسا تو نہیں نہ آپ بھی بابا بلڈوزر ماڈل کو لےفالو کررہے ہیں، بہار میں یہ سب نہیں چلے گا، وقت رہتے لگام لگائے ان غنڈوں پر۔