ممبرا: آج ممبرا میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کا پہلا دو روزہ قومی کنونشن منعقد ہوا جس میں پارٹی کے قومی صدر اسدالدین اویسی، ممبر پارلیمنٹ امتیاز جلیل، کئی صوبے کے صدور، ایم ایل اے، سابق ایم ایل اے اور لیڈران سمیت ملک بھر سے مندوبین شامل ہوئے۔ پہلے دن یہاں مختلف ریاستوں سے آئے پارٹی کے عہدیداران سے اسد الدین اویسی، امتیاز جلیل اور دیگر لیڈران نے تبادلہ خیال کیا اور پارٹی کو وسیع کرنے پر بات چیت ہوئی۔ اتوار کو ممبئی میں ایک ریلی منعقد ہو گی۔ سنیچر کی شام ایم ایم ویلی روڈ پر اجلاس عام منعقد ہوا اجلاس سے لیڈران نے خطاب کیا۔ اجلاس میں ممبئی، بھیونڈی، ممبرا اور مضافات کے ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ ایم آئی ایم کے لیڈران نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک تشویش ناک حالات سے گزر رہا ہے اور مسلمانوں کے حالات بھی بے حد خراب ہیں۔ایم آئی ایم کے لیڈران نے عوام سے اپیل کی کہ مرکز اور صوبوں میں ایم آئی ایم پارٹی کو مضبوط کریں تاکہ مسلمانوں کی آواز بلند کی جا سکے۔پارٹی کے صدر بیرسٹر اسد الدین اویسی نے جم غفیر کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم آئی ایم کو ۶۵سال ہونے جارہے ہیں، پارٹی نے دھیرے دھیرے ترقی کی اور آج مسلمانوں کی مضبوط آواز بن گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پارٹی کے قیام کا مقصد مسلمانوں اور اقلیتوں کی جمہوری آزادی کو برقرار رکھنا تھا۔انہوں نے کہا کہ آج ہمارے لیڈران یہ لڑائی مسلمانوں کے مستقبل کے لئے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اس لڑائی سے مسلمان مستقبل میں سر اٹھا کر جی سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضمیر فروشوں سے محتاط رہیں۔ انہوں نے سیف پٹھان کو ایم ایل اے منتخب کرنے کی اپیل کی۔ اوہاڑ کا نام لئے بنا اویسی نے کہااس ایم ایل اے کا غرور توڑئیے اور ایم آئی ایم کے سیف پٹھان کو کامیاب کیجئے۔انہوں نے کہا کہ ادھو سے کسی کو ہمدردی نہیں ہونی چاہئے کیونکہ یہ مسلمانوں کے قاتل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ادھو کا گھر آباد ہوگا تو جنید وناصر کا گھر بھی آباد ہوناچاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان ملک کے مستقبل ہیں اور یہی مجلس کو جتائیں گے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ شیوسینا کبھی بھی سیکولر نہیں ہو سکتی اس نے ہمیشہ مسلمانوں کا قتل عام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی سارے ملک میں گھوم رہے ہیں مگر انہیں راجستھان جا کر جنید کے گھر والوں سے ملنے کی توفیق نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ این سی پی بھی سیکولر نہیں ہے شرد پوار نے ہمیشہ مسلمانوں کا استعمال کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ مرکزی حکومت ای ڈی اور سی بی آئی سے ڈراتی ہے اور اپنا الو سیدھا کرتی ہے۔قبل ازیں اورنگ آباد سے ممبر پارلیمنٹ امتیاز جلیل نے کہا کہ اورنگ آباد کا نام ہمیشہ اورنگ آباد ہی رہے گا۔ نام بدلنے کا کریڈٹ لینے والوں کو ۲۰۲۴ میں عوام خدا حافظ کہہ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیسے خرچ کرنے والے یہ سمجھ لیں کہ پیسے سے کتے خریدے جاتے ہیں انسان نہیں۔ ان کے علاوہ ممبئی صدر فیاض احمد خان، پارٹی ترجمان آصف وقار ، سابق ایم ایل اے وارث پٹھان وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔