نئی دہلی: مارچ کے پہلے دن عوام پر مہنگائی نے زوردار حملہ بولا ہے اور ایل پی جی کے گھریلو اور کمرشل دونوں طرح کے سلنڈروں کے داموں میں زبردست اضافہ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گھریلو ایل پی جی سلنڈر کے داموں میں ماہ کے پہلے دن (یکم مارچ) ہی 50 روپے کا اضافہ ہو گیا ہے۔ اب راجدھانی دہلی میں گھریلو ایل پی جی سلنڈر کے لئے 1103 روپے خرچ کرنے ہوں گے۔ ہولی کے تہوار سے قبل یہ عوام کے لئے بڑا دھچکا ہے۔
Domestic LPG Cylinder 14.2 kg prices increased by Rs 50/. Domestic LPG cylinder price increased to Rs 1103/ in Delhi: sources
— ANI (@ANI) March 1, 2023
خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق 14.2 کلو والے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کے داموں میں 50 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ جبکہ 19 کلو والے کمرشل سلنڈر کے داموں میں 350.50 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ داموں میں اضافہ کے بعد 19 کلو کا کمرشل سلنڈر اب راجدھانی دہلی میں 2119.50 روپے میں دستیاب ہوگا۔ جبکہ گھریلو ایل پی جی سلنڈر 1103 روپے کا ہو گیا ہے۔ بڑھتی ہوئی قیمتوں کا اطلاق آج یعنی یکم مارچ سے ہو گیا ہے۔
چار اہم شہروں میں گھریلو ایل پی جی سلنڈر کے دام: دہلی میں گھریلو ایل پی جی کی قیمت 1053 روپے سے بڑھ کر 1103 روپے ہو گئی ہے۔ جبکہ ممبئی میں اس کی قیمت 1052.50 روپے سے بڑھ کر 1102.50 روپے، کولکاتا میں 1079 روپے سے بڑھ کر 1129 روپے اورر چنئی میں 1068.50 روپے سے بڑھ کر 118.50 روپے ہو گئی ہے۔
چار اہم شہروں میں کمرشل ایل پی جی سلنڈر کے دام: دہلی میں تجارتی ایل پی جی کی قیمت 1769 روپے سے بڑھ کر 2119.50 روپے ہو گئی ہے۔ جبکہ ممبئی میں 1721 روپے سے بڑھ کر 2071.50 روپے، کولکاتا میں 1869 روپے سے بڑھ کر 2219.50 روپے اور چنئی میں 1917 روپے سے بڑھ کر 2267.50 روپے ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ گھریلو سلنڈر کے داموں میں 8 ماہ بعد اضافہ ہوا ہے۔ اس سے قبل گھریلو سلنڈر کے داموں میں یکم جولائی کو اضافہ دیکھا گیا تھا۔ اس کے بعد سے کمرشل گیس سلنڈر کے داموں میں کئی مرتبہ اضافہ کیا گیا، تاہم گھروں میں استعمال ہونے والی کھانا پکانے والی گیس کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا تھا۔