رامپور: سماج وادی پارٹی کے قدآور لیڈر اعظم خان اور ان کے اہل خانہ کو لگاتار مشکلات کا سامنا ہے۔ اب رامپور کی ایک مقامی عدالت نے سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے رکن اسمبلی نصیر احمد خان، اعظم خان کی بہن اور بڑے بیٹے اور دیگر کو دشمن جائیداد پر قبضہ کرنے کے معاملے میں سمن جاری کیا ہے۔
عدالت نے تمام افراد کو 4 مارچ تک اپنا بیان ریکارڈ کرانے کا حکم دیا ہے۔ معاملہ میں 13 افراد کو ملزم بنایا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ملزمان نے جعلی دستاویزات کے ذریعے دشمن جائیداد (وہ جائیداد جن کے مالکان تقسیم ہند کے وقت پاکستان چلے گئے تھے) پر قبضہ کیا۔ استغاثہ کے افسر امرناتھ تیواری نے کہا کہ کچھ ملزمان پچھلی سماعت کے دوران عدالت میں حاضر نہیں ہوئے تھے۔
امرناتھ تیواری نے مزید بتایا ”عدالت نے سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی نصیر احمد خان، اعظم کے بڑے بیٹے ادیب اعظم خان، اعظم خان کی بہن نکہت اخلاق اور دیگر دو ملزمان کو سمن جاری کیا ہے اور انہیں 4 مارچ کو اپنے بیانات ریکارڈ کرنے کا حکم دیا ہے۔” اس سے قبل اعظم خان کے چھوٹے بیٹے عبداللہ اعظم کو بھی عدالت سے جھٹکا لگا تھا اور چھلیٹ معاملہ میں 2 سال کی سزا ملنے کے بعد وہ اپنی اسمبلی کی رکنیت سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں ہی یوگی حکومت نے دشمن جائیداد پر قبضے کے معاملے میں اہم کارروائی کی تھی اور حکام کو حکم دیا تھا کہ وہ ان لوگوں کے خلاف کارروائی کریں جنہوں نے ‘دشمن جائیداد’ پر ناجائز قبضہ کیا ہے۔ اس کے لئے حکومت نے ایک نوڈل افسر کا تقرر کیا تھا اور جانچ میں یہ بات سامنے آئی کہ ریاست میں دشمن کی 5936 جائیدادیں ہیں جن میں سے 1826 پر لوگوں نے ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔