ترکی زلزلہ متاثرین کی دلجوئی کی اور ضرورت مندوں کے درمیان راحتی اشیاء تقسیم کی
نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی آج ترکی کے زلزلہ زدہ علاقے انطاکیہ اور کہرمان مرعش پہنچے ، جہاں انھوں نے ہزاروں کیمپوں میں پناہ گزیں متاثرہ خاندانوں کی دل جوئی کی اور ضرورت مندوں کے درمیان اپنے ہاتھوں فوڈ کٹس تقسیم کئے، یہ عمل الخیر فائونڈیشن کے اشتراک کے انجام دیا گیا ۔ اس قیامت خیز زلزلہ نے ہزاروں خاندانوں کو نہ صرف اجاڑ دیا ہے ، بلکہ بہت سارے معصوم بچوں سے والدین کاسایہ بھی اٹھ گیا ہے ۔ ان متاثرین سے ملاقات کے دوران چھوٹے چھوٹے معصوم بچوں کود یکھ کر مولانا مدنی آبدیدہ ہوگئے ، انھوں نے بچوں سے بات چیت کی اور انطاکیہ میں ایک بچہ نے مولانا مدنی کے سامنے قرآن مجید کا ایک سورہ بھی سنایا۔واضح ہو کہ ترکی میں پانچ لاکھ سے زیادہ مکانات یاتو بالکلیہ منہدم ہوگئے ہیں یا ناقابل رہائش حد تک مخدوش ہوگئے ہیں۔ تاریخی شہر انطاکیہ جسے سلطان رکن الدین بیبرس نے 1268ء میں فتح کرکے سلطنت عثمانیہ کا حصہ بنا دیا تھا ، آج بالکلیہ طور سے ویران پڑا ہوا ہے، لوگ مضافات شہر میں کیمپوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں ۔ ایسے حالات میں یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ترکی میں اولین ضرورت لوگوں کو دوبارہ آشیانہ فراہم کرنا ہے ۔
ازیں قبل جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹر ی مولانا حکیم الدین قاسمی نے ترکی کے زلزلہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا ، اور انھوں نے ضرورت مندوں کے درمیان سخت سردی کے مدنظر ایک ہزار سلیپ گدے تقسیم کیے تھے ۔ مولانا محمود اسعد مدنی صدر جمعیۃ علماء ہند مزید متاثرہ علاقوں کا بھی دورہ کریں گے اور ضروت مندوں کی امداد کے علاوہ ان کی باز آباد کاری کے امکانات کا بھی جائزہ لیں گے ۔