لکھنؤ(ملت ٹائمز؍آئی این ایس)
سماج وادی پارٹی (ایس پی)کے صدر اکھلیش یادو نے وزیر اعظم نریندر مودی کے لکھنؤ میٹرو اور میدانتا اسپتا ل کو لے کر دئے گئے بیان پر جوابی حملہ بولا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سوال اٹھا رہے ہیں کہ میٹرو کا افتتاح کر دیا ہے، لوگ جان نہیں پائے، جبکہ کسی نے پورے ملک میں اتنے کم وقت میں میٹرو کا کام کرایا ہے تو وہ سماجوادی حکومت ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ کو میٹرو میں بیٹھنا ہے تو ریلوے محکمہ آپ کا ہے، اس سے اجازت دلا دو، این او سی دلا دو، جہاں کہوگو ، وہاں چلیں گے۔اکھلیش نے کہا کہ اس کے علاوہ اسپتا ل کے بارے میں بھی الزام لگائے گئے اور کہا کہ بی پی نہیں ناپ سکتے۔انہوں نے کہا کہ ابھی تو پہلے ہی مرحلے کے لیے پولنگ ہوئی ہے، دوسرے مرحلے کے لیے تشہیر ی مہم ختم ہوئی ہے، ابھی سے ہی بی پی چیک کرنے کی نوبت آ گئی ہے ، تیسرے مرحلے کا الیکشن جب ختم ہوگا تو بی جے پی کے کئی رہنماؤں کو بی پی چیک کرانے کی ضرورت پڑے گی۔اکھلیش یہاں شام کو تقریبا سوا سات بجے ٹیڑھی پلیا پر انتخابی جلسے سے خطاب کرنے پہنچے تھے ۔انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن حکومت بنانے کا ہے، آنے والے وقت میں عوام کس کو موقع دے، کس کی حکومت اتر پردیش میں بنے، اس کا ہے، اس لیے آپ سب سے درخواست ہے کہ ایک بار پھر سماج و ادیوں کو موقع دیں، جس سے یوپی ترقی اور خوشحالی کے راستے پر چل سکے۔ایس پی صدر نے کہا کہ یہاں سب نوجوان سائیکل چلانا جانتے ہیں، کبھی کبھی ہاتھ چھوڑ کر سائیکل چلاتے ہیں،اس لیے ہینڈ ل پر اگر ’ہاتھ‘ کا ساتھ آ جائے تو سوچو رفتار کتنی تیز ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ایس پی پر بھروسہ ہے، ہم زمین پر کام کریں گے۔وزیر اعظم نریندر مودی پر نشانہ سادھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریڈیو، ٹی وی پر من کی بات بہت سن لی، لیکن ہم سب لوگ کام کی بات کب سنیں گے؟انہوں نے کہا کہ بی جے پی والے کوئی ایک بڑا کام بتائے جو انہوں نے لکھنؤ شہر کے لیے کیا ہو،ہم تمام کام بتا سکتے ہیں۔گومتی ندی کے ساحل کو خوبصورت بنایا۔لوگوں کو 102، 108 ایمبولینس پر بھروسہ ہے، اس کے علاوہ ہم نے پولیس کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کے لیے 100نمبر کا انتظام کیا۔