وژن انٹرنیشنل اسکول سہرسہ کے سالانہ تقریب میں ملک کے کئی نامور شخصیات کی شرکت

تعلیم کے بغیر ترقی ناممکن، اپنے بچوں کی معیاری تعلیم و تربیت کیلئے اچھے اسکولوں کا انتخاب کریں، عوام سے نائب امیر شریعت مولانا شمشاد رحمانی، مولانا انیس الرحمن قاسمی، ڈاکٹر خالد انور، ڈاکٹر اجے کمار سنگھ اور مفتی نوشاد نوری کی اپیل

سہرسہ: گزشتہ روز ضلع سہرسہ کے چکمکہ میں شاہنواز بدر قاسمی کے ذریعہ قائم مشہور تعلیمی ادارہ وژن انٹرنیشنل اسکول کا سالانہ تقریب منعقد ہواجس میں ملک کے کئی نامور شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسکول کے بچوں نے بہت ہی خوبصورت پروگرام پیش کیاجسے حاضرین نے خوب سراہا۔سالانہ امتحان میں پوزیشن حاصل کرنے والے سبھی طلبا و طالبات کو مہمانوں کے ہاتھوں رزلٹ کارڈ، میڈل اور شیلڈسے نواز گیا۔

اس موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں امارت شرعیہ بہار، اڈیسہ و جھارکھنڈ کھنڈ کے نائب امیرشریعت مولانا شمشاد رحمانی قاسمی نے کہاکہ یہ ایک مثالی اسکول ہے جہاں تعلیمی تفریق کوختم کرکے معیاری تعلیم وتربیت کا نظم کیاگیاہے، تعلیم تمام تر کامیابیوں کی کنجی ہے اگر ہم ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں تو ہم اپنے بچوں کوزیورِ تعلیم سے ضرور آراستہ کریں، نائب امیرشریعت نے کہاکہ اس نہج پر پورے ملک میں زیادہ سے زیادہ اسکول قائم ہونے چاہئے تاکہ ہمارے بچے معیاری تعلیم سے محروم نہ رہیں، انہوں نے کہاکہ امارت شرعیہ اس وقت بنیادی تعلیم کیلئے فکر مندہے اور یہ وژن انٹرنیشنل اسکول بھی اسی تحریک کا ایک اہم حصہ ہے۔مولانا شمشادرحمانی نے کہاکہ اس اسکول میں بچوں کیلئے ہاسٹل کی بھی سہولت ہے جس سے ہمیں فائدہ اٹھانا چاہئے ہم اپنے بچوں کو دوردراز بھیجنے کے بجائے علاقائی سطح کے اچھے اسکولوں اور مدارس میں پڑھائیں۔ملک کے ممتاز عالم دین و آل انڈیا ملی کونسل کے نائب صدر مولانا انیس الرحمن قاسمی نے کہاکہ ہمیں اب شہروں کے بجائے دیہی علاقوں میں زیادہ سے زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے، یہ اسکول ایک ایسے علاقے میں قائم ہے جہاں معیاری تعلیم کی بیحد کمی ہے، یہ اسکول کم عرصے میں اپنی نمایاں شناخت کے ساتھ ریاستی سطح پر متعارف ہوچکاہے اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم کھل کر ساتھ دیں اوراپنے بچوں کو ایسے مثالی اسکول میں داخل کرائیں۔بہار قانون ساز کونسل کے رکن ڈاکٹر خالد انور نے کہاکہ ہمیں گفتار کے غازی نہیں بلکہ کردار کے غازی بننے کی ضرورت ہے، اس وقت ملک میں جو طاقت نفرت کی بنیاد پر سیاست کررہے ہیں اسے سمجھنے کی ضرورت ہے ہم اگر حقیقی خوشحالی چاہتے ہیں تو ہمیں اپنے بچوں کو ہرحال میں پڑھانا ہوگا، تعلیم کے بغیر کسی بھی میدان میں ہم کامیابی حاصل نہیں کرسکتے ہیں، انہوں نے کہاکہ اس اسکول میں آکر مجھے بیحد خوشی ہوئی، دیہی علاقے میں کام کرنا آسان نہیں ہے لیکن ہمارے عزیز نے یہ مبارک قدم اٹھاکر ایک مثال قائم کی ہے دیگر علاقوں میں بھی ایسے اسکول کھلنے چاہئے۔کوسی کمشنری کے ایم ایل سی ڈاکٹر اجے کمار سنگھ نے کہاکہ بچوں سے زیادہ اساتذہ کو سیکھنے کی ضرورت ہے، ہم بچوں سے سوال کرنے کی عادت ڈالیں، ان کی ہر سرگرمیوں پر گہری نظر رکھیں، اپنے بچوں سے دوستانہ تعلق رکھیں تاکہ ان کی تعلیم کی ساتھ صحیح تربیت بھی ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے علاقے میں وژن انٹرنیشل اسکول کے قیام سے بچوں کو کافی فائدہ پہنچ رہا ہے جس کیلئے ہم اسکول انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ان کے علاوہ دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذحدیث مفتی نوشادنوری قاسمی، پرمکھ محترمہ شبنم کماری، ہندسماچار پنچاب کے سینئر صحافی مظہر عالم وغیرہ بھی خطاب کیا۔پروگرام میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں کو شال، گلدستہ اور شیلڈ دے کر استقبال کیا گیا۔نظامت اسکول کے بانی ومنیجنگ ڈائریکٹر شاہنواز بدر قاسمی نے کی۔

اس موقع پر پٹنہ سے تشریف لائے منت فاؤنڈیشن سوپول کے سرپرست حاجی احسان الحق، تنظیم ائمہ مساجد سہرسہ کے صدر حافظ ممتاز رحمانی، ضلع پریشد محمد معروف،سربیلہ پنچایت کے مکھیا شبرفریدی، آرا پٹی پنچایت کے مکھیا ڈاکٹر یحیی، گنپت گنج سوپول کے مکھیا محمد ضیاالدین، واجد شمس چمپارن، پروفیسررفعت پرویز، جاوید انور چاند،جدیو نیتا شمشاد عالم نوہٹہ، مولانانظام الدین سوپول، صحافی وجیہ احمد تصور، ماسٹر محمد بدرالدین، مرغوب عالم، قاری اخترسیٹن آباد، سماجی شخصیت محمد رفیع عالم، سمستی پورسرسیہ کے پنچایت سمیتی محمد ضیاء الدین، مبارک پور کے امام قاری برکت اللہ رحمانی، مولانا عادل حسین ندوی، حافظ احباب، احمرفریدی، سالک امام سمیت بڑی تعداد میں مرد وخواتین اور بچے موجود رہے۔

پر وگرام کو کامیاب بنانے میں اسکول کے دائریکٹر نعیم صدیقی، عفان قاسمی، قاری شمیم نعمانی، عاصم اقبال، رضی احمد، کیف سر، ممتاز عالم، نورفاطمہ فاطمہ، تاجور سطانہ، شازیہ میم، ثانیہ گوہر، مجیب عالم، امتیاز عالم سمیت اسکو ل کے تمام اساتذہ و کارکنان اور مقامی حضرات کا اہم کردار رہا،حضرت نائب امیر شریعت کی دعاء پر سالانہ تقریب بحسن وخوبی اختتاز پزیر ہوا۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com