دہلی اسمبلی میں بجٹ اجلاس چل رہا ہے اور بجٹ کو لے کر جاری رخنات بھی ختم ہو گئے ہیں۔ مرکزی وزارت داخلہ کی طرف سے بجٹ پیش کرنے کی منظوری مل گئی ہے اور عآپ حکومت نے بھی راحت کی سانس لی ہے۔ اس درمیان بی جے پی رکن اسمبلی وجیندر گپتا کے خلاف دہلی اسمبلی اسپیکر نے سخت قدم اٹھایا ہے۔ انھیں اگلے بجٹ اجلاس تک ایوان سے باہر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دہلی اسمبلی اسپیکر رام نواس گویل نے بی جے پی رکن اسمبلی وجیندر گپتا پر یہ کارروائی ایوان میں بار بار ہنگامہ کیے جانے سے ناراض ہو کر کی ہے۔ انھیں ایک سال کے لیے ایوان سے باہر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ وجیندر گپتا پر الزام لگا ہے کہ وہ ایوان میں اجلاس کو چلانے میں رخنات پیدا کر رہے تھے اور ہنگامہ آرائی ہو رہی تھی۔ اس سے ناراض اسپیکر نے بی جے پی رکن اسمبلی کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا۔
اس سے قبل صبح میں وجیندر گپتا نے مبینہ طور سے بجٹ کی جانکاری افشا کرنے پر خصوصی استحقاق کی خلاف ورزی کے لیے نوٹس دیا تھا۔ اس پر اسمبلی اسپیکر رام نواس گویل نے کہا تھا کہ ”اصولوں کے مطابق اس طرح کا نوٹس تین گھنٹے پہلے دیا جانا چاہیے۔ آپ یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ اس پر بحث ہونی چاہیے۔ ایسا لگتا ہے کہ آپ ایوان کا وقت برباد کر رہے ہیں۔”
آج دوپہر 2 بجے کے بعد جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع ہوئی، وجیندر گپتا نے پھر سے اس ایشو کو اٹھایا جس کے بعد عآپ رکن اسمبلی سنجیو جھا نے انھیں ایک سال کے لیے ایوان سے معطل کرنے کا مطالبہ کیا۔ ایوان کے ذریعہ پاس قرارداد کی شکل میں گویل نے کہا کہ گپتا کو اگلے بجٹ اجلاس تک دہلی اسمبلی کی کارروائی سے معطل کیا جاتا ہے۔