دو مسلم نوجوان خواتین پولیس تحویل میں، رہائی کے لئے ملی و سیاسی تنظیموں سے آگے آنے کی اپیل
آعظم گڑھ: (نیوز ون) آعظم گڑھ کے تحصیل مینہ نگر کے گاؤں قطراں میں 25 مارچ کی شب پولیس چھاپے میں دو مسلم خواتین سمیت پانچ افراد کی گرفتاری سے سراسمیگی کا ماحول ہے۔ملی جانکاری کے مطابق آعظم گڑھ کے تحصیل مینہ نگر کے گاؤں قطراں باشندہ شاہد، سلمان سہراب سمیت دو خواتین کو مقامی پولیس نے گؤ کشی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ گرفتار خواتین کی عمر بالترتیب 17 اور اٹھارہ سال بتائی جا رہی ہے۔ ان کی گرفتاری سے اہل خانہ سمیت دوست احباب میں مزید تشویش کی لہر پائ جا رہی ہے۔ پولیس نے ملزمان کے پاس سے چار کوئنٹل تازہ گوشت اور کچھ سامان برآمد کیا ہے۔اس واقعہ کے بعد سے گائوں بھر میں خوف کی لہر ہے اور گائوں کے نوجوان اور خواتین گائوں چھوڑ کر فرار ہیں۔گائوں کے ایک فرد نے نام نہ لکھنے کی شرط پر بتایا کہ ہم لوگ عشاء کی نماز بعد تراویح کی نماز میں مشغول تھے کہ لگ بھگ 15 پولیس اہلکار پر مشتمل پولیس ٹولی نے چھاپہ مارا اور موقع پر موجود افراد کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے خواتین کو بھی گرفتار کیاہے۔اس معاملے میں متاثرین نے ملی و سیاسی تنظیموں سے مدد کی گہار لگائ ہے۔ وہیں دو مسلم نوجوان لڑکیوں کے پولیس تحویل میں ہونے سے معاملہ مزید حساس ہوگیاہے۔اب دیکھنا یہ ہیکہ متاثرین بالخصوص گرفتار کی گئی مسلم نوجوان خواتین کی جلد از جلد رہائی کیلئے سپا،بسپا، میم، آر یو سی، پی پی، امیبڈکر سماج پارٹی، جمیتہ علماء ہند، جماعت اسلامی ہند کیا اقدام کرتی ہیں؟