ممبئی: ملاڈ مالونی میں رام نومی کے موقع پر شرپسندوں کا ہنگامہ اور پولیس کی یکطرفہ کارروائی کے خلاف ملی تنظیموں کے ایک وفد نے مسٹر ستیہ نارائین چودھری جوائنٹ کمشنر لاء اینڈ آڈر سے ملاقات کی، وفد کے اراکین نے دوٹوک انداز میں گفتگو کرتے ہوئے انتظامیہ کے یک طرفہ اقدامات پر سخت احتجاج کیا، اراکین نے بتایا کہ رام نومی کے موقع پر نکالا جانے والا یہ جلوس نیا ہے، جو بعض سیاسی لوگوں نے اپنے مفاد کے لئے چند سال پہلے سے شروع کیا تھا، یہ لوگ خاص طور پر مسلم علاقوں سے یہ جلوس گزارتے ہیں اور مساجد وغیرہ کے سامنے جان بوجھ کر دیر تک رک کر انتہائی دل آزار نعرے لگاتے ہیں جس سے ماحول خراب ہوتا ہے، ان لوگوں کی سرپرستی وہی سیاسی عناصر کرتے ہیں جن کا مقصد فرقہ وارانہ طور پر ووٹوں کو اپنے حق میں متحد کرنا ہوتا ہے، چنانچہ مالونی میں بھی یہی ہوا ہے ـ
وفد کے شرکاء نے بتایا کہ وہاں جو کچھ ہوا اس کی توقع پہلے سے تھی، تین دن پہلے مالونی جامع مسجد کے صدر نے مقامی پولیس اسٹیشن میں خط لکھ کر اس طرح کے حالات کا خطرہ ظاہر کیا تھا اور پولیس سے الرٹ رہنے کی درخواست کی تھی مگر مقامی پولیس افسر نے اس انتباہ پر کوئی توجہ نہیں دی بلکہ خط لینے سے بھی انکار کردیا ـ
تعجب کی بات یہ ہے کہ عین ہنگامے کے دوران جن مسلم ذمہ داروں نے حالات کو سنبھالنے کی کوشش کی تھی، جس کا اعتراف خود پولیس نے بھی کیا ہے، ایسے ذمہ داروں کا نام بھی پولیس نے ایف آئی آر میں درج کرلیا ہے ـ اس کے علاوہ مزید تین چار سو نامعلوم لوگوں کا نام بھی ہیں جن کی پولیس تلاش کررہی ہے، ایسے میں مزید یکطرفہ گرفتاریوں کا خطرہ ہے، اسی خطرے کے پیش نظر بہت سے والدین نے اپنے نوجوان بچوں کو علاقے سے ہٹا دیا ہے ـ
وفد کے اراکین نے اس طرح کی ناانصافی پر احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بے گناہوں کے خلاف کارروائی بند کی جائے، علاقے میں جو خوف کا ماحول ہے اُس کو ختم کرنے کے لئے تمام مذاہب کے سرکردہ افراد پر مشتمل ایک میٹنگ بلائی جائے تاکہ علاقے بسنے والے لوگوں کا اعتماد بحال ہوسکے، نیز چھ اپریل کو پھر برادران وطن کا ایک تیوہار ہے اس موقع پر بھی شرپسند ماحول خراب کرسکتے ہیں اس لئے پیشگی بندوبست پر خصوصی توجہ دی جائے ـ
جوائنٹ کمشنر لاء اینڈ آڈر مسٹر ستیہ نارائین چودھری نے پورے ضبط و تحمل سے بات سنی، اور وفد کی اکثر باتوں سے اتفاق کرتے ہوئے یہ یقین دلایا کہ آپ حضرات اطمینان رکھیں کسی کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہوگی، اگر کسی معاملے میں آپ کو لگتا ہے کہ کچھ غلط ہوا ہے تو مجھے براہ راست ٹیلفون کرسکتے ہیں ـ جوائنٹ کمشنر کے ہمراہ ہیڈکواٹر کے ڈی سی پی مسٹر ٹھاکر بھی میٹنگ میں موجود تھے ـ
وفد کے اراکین نے تمام مسلمانوں سے بھی اپیل کی ہے کہ ایسے معاملات میں فوری طور پر اشتعال قبول کرکے فرقہ پرستوں کی سازش کا شکار نہ ہوں، بلکہ اپنا عزم و حوصلہ برقرار رکھتے ہوئے ضبط و تحمل کا بھی مظاہرہ کریں ـ
وفد کے اراکین میں آل انڈیا علماء کونسل کے سکریٹری جنرل مولانا محمود احمد خاں دریابادی، ممبئی امن کمیٹی کے صدر فرید شیخ، جماعت اسلامی ممبئی کے صدر عبدالحسیب بھاٹکر، ممبئی ایجوکیشن اینڈ شوشل ٹرسٹ کے مینجگ ٹرسٹی سلیم موٹر والا، امام الھند فاوںڈیشن کے صدر مولانا نوشاد صدیقی، ملاڈ قبرستان کے صدر مختار غوری، امن کمیٹی کے سکریٹری نعیم شیخ، جماعت اسلامی کے سکریٹری شاکر شیخ، نیز ملاڈ مالونی سے مولانا نذرالاسلام مظاہری، مولانا حمیدالرحمن، قاضی منور علی اور محمد اشرف صاحبان شریک تھے ـ