متھرا میں شری کرشن جنم بھومی اور شاہی عیدگاہ مسجد اراضی تنازعہ معاملہ میں کورٹ نے ایک انتہائی اہم حکم صادر کیا ہے۔ متھرا کورٹ نے شاہی عیدگاہ کے امینی سروے کیے جانے کے حکم پر پابندی لگا دی ہے۔ اس معاملے کی سماعت فاسٹ ٹریک سول سینئر ڈویژن کورٹ کے جج کی عدالت میں ہو رہی تھی جس میں عدالت نے دونوں فریقین کی دلیلیں سننے کے بعد امینی سروے پر روک لگانے کا حکم سنایا۔
شاہی عیدگاہ کی طرف سے پیش ہوئے وکیل تنویر احمد اور نیرج شرما نے عدالت کے فیصلے کی جانکاری میڈیا کو دی۔ انھوں نے بتایا کہ متھرا کورٹ میں آگے کی سماعت آئندہ 11 اپریل کو ہوگی۔ سماعت مکمل ہونے کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا کہ امینی سروے کرایا جائے گا یا نہیں۔ اس سلسلے میں ہندو سینا کے سربراہ وشنو گپتا نے عدالت میں عرضی داخل کی تھی۔ اس میں سینئر ڈویژن کورٹ نے امینی سروے کے لیے حکم بھی جاری کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ کورٹ نے امینی سروے کا حکم 29 مارچ کو دیا تھا جس کے بعد دوسرے فریق نے ریویژن داخل کر دیا۔ اس کے بعد اب امینی سروے کو فی الحال روکنے کا فیصلہ دیا گیا ہے۔ کورٹ نے کہا ہے کہ آئندہ حکم تک عیدگاہ کے امینی سروے پر روک لگائی جا رہی ہے۔ اب 11 اپریل تک اس سروے کے لیے اس زمین پر کوئی نہیں جائے گا۔