روزہ ایک ایسی عبادت ہے جس کا اجر اللہ اپنے شایان شان دیتا ہے: حسان جامی قاسمی
نئی دہلی: رمضان المبارک جیسا مقدس و متبرک مہینہ اور اس میں بھی روزہ جیسی عبادت جسے میسر ہوجائے اس کے نصیب کے کیا کہنے، روزہ کی فضیلت اور برتری کا اندازہ صرف اس بات سے لگائیں اللہ فرماتا ہے کہ روزہ بندہ خالص میرے لیے رکھتا ہے اس لیے اس کا اجر بھی میں ہی دون گا۔
ان خیالات کا اظہار مولانا حسان جامی قاسمی سیکریٹری خدمت خلق ٹرسٹ انڈیا نے کیا، آج وہ نئ دہلی کے جامعۃ نگر کے جوگا بائی ایکسٹنشن میں خدمت خلق ٹرسٹ انڈیا کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب و تقسیمِ افطار کے موقع پر حاجت مندون کے درمیان اظہارِ خیال کررہے تھے. انہوں نے مزید کہاکہ روزہ رکھنا کمال نہیں ہے بلکہ روزہ کی حفاظت کرنا کمال ہے. یہ فتنہ وفساد کا دور ہے اس لیے ہر طرح سے اس مقدس عبادت کی حفاظت بہت ضروری ہے. خود کو فسق فجو ر سے بچائیں، جھگڑا لڑائی، غیبت جھوٹ چغلی اور دیگر بری چیزوں سے اجتناب کریں اور خلوص دل کے ساتھ اللہ کی عبادت کریں، انہوں نے اس موقع پر خدمت خلق ٹرسٹ انڈیا کے مخیرین. اراکین اور دیگر اصحاب خیر کا بالخصوص ذکر کیا اور وہاں موجود لوگوں سے کہاکہ آپ اپنے ان مخلصین کو اپنی دعاؤں میں ضرور رکھیں جو ہرسال آپ کے لیے یہ انتظامات کرتے ہیں۔ مولانا حسان جامی نے ڈاکٹر ذوالفقار عالم مدنی عیلگ، ڈاکٹر مبین بھائی، پروفیسر شہاب الدین ثاقب، شبنم بھائی ابراہیم سجاد تیمی وغیرہ کا بطور خاص ذکر کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر روزنامہ انقلاب کے نیوز ایڈیٹر شاہ عالم اصلاحی، ٹرسٹ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شہاب الدین قاسمی، امام قاسم اسلامک ایجوکیشن ویلفیئر ٹرسٹ کے آفس سیکرٹری قاری اکبر علی، مولانا نسیم قاسمی، عبداللہ شہاب اور شمیم بھائی بھی موجود تھے۔