آل انڈیا ملی کونسل کے قومی نائب صدر اور جمعیۃ علماء بہار کے سکریٹری نے بہار کے چیف سکریٹری کو بہار شریف سے متعلق میمورنڈم پیش کیا

پھلواری شریف: (پریس ریلیز) آل انڈیا ملی کونسل کے قومی نائب صدر مولانا انیس الرحمن قاسمی اورجمعیۃ علماء بہار کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر فیض احمد قادری نے بہار شریف کے فساد زدہ علاقے کا دورہ کرنے کے بعد مکمل صورت حال سے متعلق ایک میمورنڈم بہار کے چیف سکریٹری جناب عامر سبحانی صاحب کو پیش کیا، جس میں یہ کہاکہ بہار شریف میں انتظامیہ نے جلوس نکالنے والوں کو قانون کے خلاف کام کرنے میں چھوٹ دی اور سختی سے گزیر کیا، جس کی وجہ سے مال وجان کو غیر معمولی نقصان پہونچا، جب کہ یہ معلوم تھا کہ ایک دن پہلے یعنی 31 مارچ کو رام نومی کا جلوس نہ نکالنے کے پیچھے ان کے شرانگیزی کے منصوبے تھے، سال گزشتہ بھی صوبہ کے کئی مقام پر رام نومی کے جلوس کی وجہ سے فرقہ وارانہ تناؤ پیدا ہوا تھا۔ وفد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ (۱) آئندہ اس طرح کے واقعات نہ ہو؛ اس کا مستقل حل نکالیں، اس کے لیے جلوس کی تعداد کو محدود کریں، ہتھیاروں کی نمائش پر روک لگائیں اور پولس کو زیادہ تعداد میں متعین کریں۔ (۲) اس فساد کی جانچ صحیح طور پر کرائی جائے اور تمام ہی شرپسندوں کو سزا دی جائے۔ (۳) اس وفد کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ حکومت تمام متأثرین کا صحیح سروے کرکے مکمل معاوضہ دے۔ (۴) زخمیوں کا علاج کرائے اور ان کو معاوضہ ادا کرے۔ (۵) مدرسہ عزیزیہ کی عمارت کو غیر معمولی نقصان پہونچا ہے؛اس لیے حکومت اقلیتی وزارت کی طرف سے نئی عمارت کرائے۔ (۶) بے قصوروں کی گرفتاری پر روک لگائی جائے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com