نابلس: قابض اسرائیلی فورسز نے ’’قلقلیۃ‘‘ اور ’’نابلس‘‘ میں آبادکاری مخالف پرامن مارچ کو منتشر کرنے کی غرض سے نہتے فلسطینی شہریوں پر ربڑ کی گولیاں چلائیں جن سے درجنوں افراد زخمی ہوئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق قلقلیۃ گورنری کے علاقہ ’’کفر قدوم‘‘ میں قابض اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے 6 فلسطینی نوجوانوں کے زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کفر قدوم اور مشرقی نابلس کے بیت داجن دیہات میں درجنوں فلسطینی شہریوں کو دم گھٹنے کی شکایات کا سامنا رہا۔
مزید برآں مغربی کنارے کے جنوبی شہر طوباس میں اسرائیلی فوجیوں کی براہ راست فائرنگ سے ایک فلسطینی نوجوان زخمی ہوا۔
فلسطینی انجمن ہلال احمر کی رپورٹ کے مطابق ’’وادی الفرع‘‘ قصبہ میں علی دارغمہ نامی نوجوان کو کندھے میں گولی لگی ہے۔
ایک دوسری پیش رفت میں اسرائیلی فوجیوں نے مغربی کنارے کے شہروں کو مقبوضہ وادی اردن سے ملانے والی الحمرا فوجی چیک پوائنٹ بند کر دیا۔ اس کا مقصد شمالی وادی اردن میں فائرنگ کر کے دو اسرائیلیوں کو ہلاک کرنے والے حملہ آور کی تلاش بتایا جاتا ہے۔
قابض اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے شہروں اریحا، نابلس اور طوباس کا محاصرہ کر کے مغربی کنارے کے متعدد قصبات کے داخلی راستوں پر فوجی چوکیاں بنا دیں جہاں فلسطینی گاڑیوں کو روک کر اس میں سوار افراد کی شناخت کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔
دریں اثنا یہودی آبادکاروں نے شمالی وادی اردن میں فلسطینی شہری عبدالباسط بشارت کا ملکیتی گرین نذر آتش کر دیا۔
اسرائیلی فوج کے حفاظتی حصار میں یہودی آباد کاروں کے جتھوں نے غرب اردن کے شہروں البریح اور بیت لحم میں فلسطینی شہریوں پر پتھراؤ کیا۔ نابلس میں یہودی آبادکاروں نے حوارہ اور سلمان فارسی راؤنڈ آباؤٹ پر فلسطینیوں پر حملے کیے۔